
لاہور (نیوزڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے منحرف ارکان نے عمران خان سے ملاقات کی کوششیں شروع کردیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ چوہدری پرویزالٰہی کی طرف سے اعتماد کا ووٹ لینے کے وقت غیر حاضر رہنے والے ارکان نے عمران خان سے ملاقات کی کوشش کی تاہم چیئرمین تحریک انصاف نے منحرف ارکان سے ملنے سے انکار کر دیا اور انہیں سنٹرل سیکرٹریٹ میں شوکاز نوٹس کا جواب دینے کی ہدایت کر تے ہوئے کہا کہ جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی اسد عمر کے سامنے پیش ہو کر وضاحت پیش کریں۔
بتایا گیا ہے کہ اعتماد کے ووٹ کے وقت ایوان سے غیر حاضر فیصل چیمہ، مومنہ وحید اور خرم لغاری کو پی ٹی آئی نے شوکاز نوٹسز جاری کر کے وضاحت طلب کی جس پر منحرف ارکان نے اپنا موقف پیش کرنے کیلئے عمران خان سے رابطہ کیا تاہم عمران خان نے ملنے سے انکار کردیا ، اس کے علاوہ پی ٹی آئی کارکنوں میں بھی منحرف ارکان کے خلاف سخت غم و غصہ پایا جاتا ہے،جس کا اظہار پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے منحرف ارکان کے حلقوں میں احتجاجی مظاہروں کی صورت میں کیا جارہا ہے۔
دوسری طرف اطلاعات یہ بھی ہیں کہ پاکستان تحریک انصاف کے منحرف ارکان پر مشتمل نئی سیاسی جماعت لانچ کرنے کی تیاری شروع کردی گئی، پی ٹی آئی کے سابق قیادت نے نئی جماعت کے بارے مشاورت شروع کردی ہے، پی ٹی آئی کے منحرف ارکان سمیت دوسری سیاسی جماعتوں کے ارکان کو بھی ساتھ ملایا جائے گا، جہانگیرترین کے علاوہ علیم خان اور چودھری سرور گروپ کے لوگوں سے رابطہ کیا جائے گا۔
اس ضمن میں کہا جارہا ہے کہ نئی جماعت کی قیادت پی ٹی آئی کی سابق اہم سیاسی شخصیت کرے گی، وسطی اور جنوبی پنجاب کے اہم سیاستدانوں کی نئی جماعت میں شمولیت متوقع ہے، نئی جماعت کی تشکیل کے لیے رابطوں اور ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، نئی جماعت پنجاب میں پی ٹی آئی کے مضبوط حلقوں میں اپنے امیدوار کھڑے کرے گی، نئی جماعت عام انتخابات میں ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ بھی کرسکتی ہے۔
Comments