
کراچی (نیوزڈیسک) کراچی میں ایئر پورٹ سکیورٹی فورس نے ایک کروڑ روپے مالیت کی منشیات شہر قائد سے مسقط اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر مسقط جانے والے مسافر سے ایک کروڑروپے مالیت کی منشیات برآمد کرلی گئی، اس مقصد کے لیے ایئرپورٹس سیکورٹی فورس کی جانب سے کراچی ائیر پورٹ پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔
ترجمان اے ایس ایف نے بتایا کہ ملزم نور محمد خان کے قبضے سے 930 گرام ہیروئن برآمد ہوئی، جس کی عالمی مارکیٹ میں مالیت ایک کروڑ پاکستانی روپے سے زائد بنتی ہے، مسافر نور محمد خان نے یہ ہیروئن اپنے شولڈر بیگ میں مہارت سے چھپا رکھی تھی تاہم اے ایس ایف کے عملے نے منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی اور ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے مزید تفتیش کے لئے تھانے منتقل کردیا گیا۔
ادھر ملتان ایئرپورٹ سے سعودی عرب منشیات اسمگلنگ کی کوشش بھی ناکام بنادی گئی، انسداد منشیات فورس کی طرف سے ملتان ایئرپورٹ پر کارروائی عمل میں لائی گئی، جس کے نتیجے میں ہوائی اڈے سے سعودی عرب منشیات کی اسمگلنگ کو ناکام بنایا گیا، اے این ایف کی کارروائی میں جوڑے کے سوٹ کیس سے 2 کلو 200 گرام آئس برآمد ہوئی، مسافر محمد الیاس اور اس کی اہلیہ نے آئس انتہائی مہارت سے بیگ میں چھپائی ہوئی تھی، انسداد منشیات فورس نے مسافر جوڑے کو گرفتار کرلیا اور ملزمان کو مزید کارروائی کے لیے اے این ایف حکام کے حوالے کردیا گیا۔
اس کے علاوہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے بڑی مقدار میں منشیات جدہ لے کر جانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے انسداد منشیات فورس نے پاکستان سے جدہ جانے والے مسافر کے پیٹ سے 124 کیپسول برآمد کرلیے، منشیات اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے یہ کارروائی اسلام آباد ایئرپورٹ پر عمل میں لائی گئی، جس کے نتیجے میں ایک شخص کو حراست میں لیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد ایئرپورٹ سے گرفتار کیے گئے شخص کا تعلق چارسدہ سے ہے، جو ہیروئن سے بھرے ہوئے 124 کیپسول پیٹ میں چھپا کر سعودی عرب کے شہر جدہ لے جارہا رہا تھا تاہم اسکینگ کے دوران اے این ایف حکام کو ملزم کے پیٹ میں منشیات کی موجودگی کا علم ہوا جس کو فوری برآمد کرلیا گیا، کیپسولز کا مجموعی وزن 980 گرام ہے، ملزم کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی شروع کردی گئی۔
دوسری طرف سعودی عرب میں 2 پاکستانیوں کو سزائے موت دے دی گئی، دونوں پاکستانی شہریوں کے منشیات سے متعلق جرائم پر سر قلم کیے گئے، جنوری 2021 میں منشیات سے متعلقہ جرائم کے لیے ملک میں سزائے موت کے استعمال کے حوالے سے انسانی حقوق کمیشن کی جانب سے پابندی کے اعلان کے بعد اس طرح کی پہلی سزائے موت ہے۔
Comments