
لاہور (نیوزڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے مونس الٰہی کی اہلیہ کو بیرون ملک جانے سے روکنے کیخلاف درخواست پر ایف آئی اے کو تحریری جواب داخل کرانے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں رہنما مسلم لیگ ق مونس الٰہی کی اہلیہ کو بیرون ملک جانے سے روکنے کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی،جسٹس شہرام سرور نے درخواست پر سماعت کی۔
ایف آئی اے نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ درخواست گزار کے اکاؤنٹ میں 27 ملین غیر قانونی طریقے سے آئے،عدالت نے ریمارکس دئیے کہ آپ تحریری جواب داخل کریں کیوں نہ آپ کیخلاف مقدمہ درج ہو جائے۔ درخواست گزار کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ نے بتایا کہ ایف آئی اے نے مقدمہ درج کیا جیسے اس عدالت نے خارج کر دیا،عدالت نے درخواست پر سماعت 20 جنوری تک ملتوی کر دی ہے۔
یاد رہے کہ چوہدری مونس الہی کی اہلیہ تحریم الہی نے بیرون ملک جانے سے روکنے پر لاہورہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔درخواست میں کہا گیا کہ درخواست گزار کو 10 جنوری کو ائیرپورٹ پر بیرون ملک جانے سے روکا کیا،ایف آئی اے کی جانب سے نام اسٹاپ لسٹ میں ڈالا گیا لہذا عدالت سے استدعا ہے کہ وہ اس کا نوٹس لے اورعدالت ایف آئی اے کا اقدام غیر قانونی قرار دے جبکہ ق لیگ کے رہنما مونس الٰہی نے کہا کہ میری والدہ، اہلیہ، بھائی اور بھابھی کو نو فلائی لسٹ پر ڈال دیا گیا۔
ایف آئی اے نے میری اہلیہ، بھائی اور بھابھی کو جو نوٹس بھیجے وہ اس کا جواب دے رہے ہیں، یہ سارے نوٹسز اس کیس میں بھیجے ہیں جنہیں عدالتیں اُڑا چکی ہیں۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مونس الٰہی نے مزید کہا کہ یہ سب تو ایف آئی اے ہی کرتی ہے، مگر ان میں اتنی صلاحیت نہیں کہ خود سے یہ سب کرے،ایف آئی اے کو بہتر جانتا ہوں اور حال ہی میں کیس بُھگتایا ہے۔
Comments