
لاہور (نیوزڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہر طرح سے معاملات کنٹرول میں ہیں کوئی فکر کی بات نہیں، آئی ایم ایف سے معاملات جلد حل ہو جائیں گے اور ہم عنقریب معیشت کی بحرانی کیفیت سے نکل جائیں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم کے سربراہی میں مسلم لیگ ن کے مشاورتی اجلاس میں موجودہ سیاسی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، اجلاس میں پارٹی کارکنوں کو متحرک کرنے کے لیے عہدیداروں کو مختلف ٹاسک بھی سونپے گئے۔
اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم شہبا زشریف نے کہا کہ عمران خان نے ملک کو خطرناک صورتحال پر پہنچایا، ہم نے آنے کے بعد ملک کو سنبھالا، ہم نہیں چاہتے کہ عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈالیں،غریب عوام کا احساس ہے، ہماری کوشش ہے کہ جو بھی قدم اٹھائیں اس سے غریب آدمی کو نقصان نہ ہو، جب بھی انتخاب ہوں گے مسلم لیگ ن بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گی کیوں کہ ن لیگ ایک مضبوط اور بڑی جماعت ہے اس کو کوئی بھی ختم نہ کر سکا۔
انہوں نے کہا کہ سابق حکمران جماعت کی خرابی کو درست کرنے میں وقت لگتا ہے لیکن اب ہر طرح سے معاملات کنٹرول میں ہیں اور کوئی فکر کی بات نہیں ہے، آئی ایم ایف سے معاملات بھی جلد حل ہو جائیں گے، جس کے نتیجے میں ہم عنقریب معاشی بحرانی کیفیت سے نکل جائیں گے، ہمارے پاس معاشی معاملات سے نمٹنے کے لئے تمام پلان موجود ہیں اور مہنگائی پر بھی بہت جلد قابو پالیا جائے گا۔
خیال رہے کہ وزیراعظم شہبازشریف گزشتہ آٹھ روز سے لاہور میں قیام پذیر ہیں وزیراعظم شہباز شریف نے پنجاب کی سیاسی صورتحال پر لاہور میں قیام بڑھا لیا ہے جہاں ان کی جانب سے پنجاب کے نگران سیٹ اپ اور امیدواروں کو ٹکٹیں دینے کے حوالے سے مشاورتی اجلاس طلب کیا گیا، اس اجلاس میں وزیراعظم کے صاحبزادے سلیمان شہباز بھی شرہک ہوئے، اس کے علاوہ وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
Comments