
اسلام آباد (نیوزڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اسمبلی تو اس وقت ربڑ اسٹیمپ بن کر رہ گئی ہے،شہباز شریف کو اعتماد کا ووٹ نہ لینا پڑے اس لیے راجہ ریاض کو بچا رہے ہیں۔172 لوگوں کی اکثریت شہباز شریف کے پاس نہیں رہی،یہ لوٹوں کے سہارے حکومت کرنا چاہتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نے پی ٹی آئی کے مزید 43 ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور کیے جانے پر ردِعمل میں کہا ہے ہم پہلے کہہ رہے تھے کہ استعفے منظور کیے جائیں،ہم نے الیکشن کمیشن کو لکھ کردیا کہ استعفوں کو ڈی نوٹیفائی نہ کیا جائے۔
حکمرانوں کا مقصد راجہ ریاض کو بچانا ہے کیونکہ راجہ ریاض وہ طوطا ہے جس میں شہبازشریف کی جان ہے۔40 فیصد اسمبلی خالی ہے اور لوگوں کااعتبار ختم ہو گیا ہے۔
رہنما تحریک انصاف نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ 172 لوگوں کی اکثریت شہبازشریف کے پاس نہیں رہی،حکمرانوں نے پوری پارلیمنٹ کو 3 دن کے لیے بند کردیا۔ملک کے بحران کا حل الیکشن کے بغیر ممکن نہیں،الیکشن کمیشن کٹھ پتلی ہے اور یہ کچھ نہیں کر سکتا،اسمبلی اس وقت صرف ربڑ اسٹیمپ بن کر رہ گئی،ہماری جماعت پرامن احتجاج پر یقین رکھتی ہے،حکمرانوں نے شروع سے تماشا لگایا ہوا تھا۔
انکا کہنا تھا کہ اس وقت یہ الیکشن کرائیں گے تو کم ازکم 15 سے 18 ارب روپے درکارہیں،شہبازشریف کو اعتماد کا ووٹ نہ لینا پڑے اس لیے راجہ ریاض کو بچایا جارہا ہے۔ یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے مزید 43 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کر لیے گئے۔اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے تحریک کے مزید 43 اراکین کے استعفے منظور کیے،اسپیکر نے استعفے مںظور کر کے الیکشن کمیشن کو بھجوا دئیے،اسپیکر قومی اسمبلی نے گزشتہ دنوں دو مراحل میں پی ٹی آئی کے 70 استعفے منظور کیے تھے جبکہ تحریک انصاف کے اب تک 124 ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور کر لیے گئے ہیں۔
جبکہ گزشتہ روز پی ٹی آئی کے 44 ارکان اسمبلی نے استعفے واپس لینے کا فیصلہ کیا اور پی ٹی آئی ارکان اسی سلسلے میں پارلیمنٹ پہنچے تو پارلیمنٹ ہاؤس کا گیٹ بند کر دیا گیا۔
Comments