
لاہور (نیوزڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے فواد چوہدری کو ہتھکڑیاں لگا کر اور سر پر کپڑا ڈال کر عدالت میں پیش کرنے کی مذمت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ فواد چوہدری کو ایک دہشت گرد کی طرح عدالت میں پیش کیا گیا،رہنما تحریک انصاف کو ہتھکڑیاں لگا کر اور چہرے پر کپڑا ڈال کر پیش کیا گیا۔
فواد چوہدری کو اس طرح عدالت میں پیش کرنا ظاہر کرتا ہے کہ امپورٹڈ حکومت کس حد تک پہنچ چکی ہے۔ عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ اس سے پہلے اعظم سواتی اور شہباز گل کے ساتھ بھی ایسا سلوک کیا گیا،اب لوگوں کے ذہنوں میں کوئی شک نہیں رہا کہ ہم بنانا ری یبلک میں رہ رہے رہیں،ملک میں اب جنگل کا قانون چلتا ہے،موجودہ فرعونوں نے آئین اور قانون کو روند کر رکھ دیا ہے۔
دوسری جانب سیشن عدالت نے تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا منظور کر لی ہے،سیشن عدالت میں فواد چوہدری کا مزید جسمانی ریمانڈ مسترد ہونے سے متعلق پولیس کی درخواست پر سماعت ہوئی۔عدالت نے پولیس کی استدعا منظور کرتے ہوئے فواد چوہدری کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔
عدالت نے فواد چوہدری کے وکلا اور پراسیکیوشن کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا۔ جج طاہر محمود نے ریمارکس دئیے کہ آدھے گھنٹے تک جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ سنا دیں گے۔سماعت کے دوران فواد چوہدری نے فیملی سے ملاقات کی استدعا کی۔ عدالت نے فواد چوہدری کی فیملی سے ملاقات کی استدعا منظو کر لی،جج طاہر محمود نے قرار دیا کہ بخشی خانے میں فواد چوہدری کی فیملی سے ملاقات کرا دی جائے۔ فواد چوہدری نے دوران سماعت کہا کہ میں نے جو باتیں کیں انکو تسلیم کرتا ہوں،طاقت ور لوگ ہمیشہ یہی سمجھتے ہیں کہ ان پر تنقید غداری ہے،میں نے جو باتیں کیں انکو تسلیم کرتاہوں اوریہ میراحق ہے۔ تاریخ اس بات کا تعین کرے گی کہ کون درست اور کون غلط تھا۔
Comments