
راولپنڈی (نیوزڈیسک) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیرصدارت کورکمانڈر کانفرنس میں پشاورپولیس لائنز کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ کانفرنس میں دہشتگردی کے بڑھتے واقعات سمیت ملک کی اندرونی بیرونی سیکیورٹی صورتحال پر غور کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کی زیرصدارت 225ویں کورکمانڈر کانفرنس کا انعقاد ہوا، کانفرنس میں ملک کی اندرونی بیرونی سیکیورٹی صورتحال پر غور کیا گیا۔
کانفرنس میں پشاورپولیس لائنز کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ کانفرنس میں شرکاء کو درپیش خطرات اور دہشتگردی کے بڑھتے واقعات پر بریفنگ دی گئی۔ کورکمانڈرز کانفرنس میں مقبوضہ جموں کشمیر کی صورتحال اور دہشتگردوں کا گٹھ جوڑ توڑنے پر بھی بریفنگ دی گئی۔
کانفرنس میں لائن آف کنٹرول اوردہشتگردی کیخلاف جاری آپریشن پر بھی بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ پشاورسانحہ کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے جائےگا، دہشتگردوں کو شکست دینے کیلئے پرعزم ہیں، ایسی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتیں، دہشتگردی کیخلاف جاری جنگ میں کامیابی کیلئے پرعزم ہیں۔ کسی بھی دہشتگرد گروپ کو پنپنے نہیں دیں گے۔ انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی کوششیں جاری رکھیں۔
Comments