
اسلام آباد (نیوزڈیسک) کاغذات نامزدگی میں بیٹی ظاہر نہ کرنے پر عمران خان کیخلاف نا اہلی کیس،اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی نا اہلی کیس میں لارجر بینچ بنانے کا فیصلہ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان کیخلاف نااہلی کی درخواست پر سماعت ہوئی،چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی گئی،درخواست گزار ساجد محمود کی جانب سے سلمان بٹ ایڈووکیٹ پیش ہوئے جبکہ عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ سپریم کورٹ میں مصروفیات کے باعث پیش نہ ہوئے۔
سلمان بٹ نے کہا کہ سلمان اکرم راجہ نے تحریری جواب جمع کرایا ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ جواب میں کہا گیا عمران خان رکن قومی اسمبلی نہیں،سلمان اکرم راجہ کے معاون وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے خود ہی عمران خان کو ڈی نوٹیفائی کر دیا۔
عدالت نے قرار دیا کہ مناسب ہو گا عمران خان سے متعلق نئی صورتحال کا پتہ چلے،جس بیان حلفی پر درخواست آئی ہے کہ وہ 2018 کی ہے۔
معاون وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے عمران خان کو ڈی سیٹ کیا اور وہ مستعفی بھی ہوئے،چیف جسٹس نے قرار دیا کہ جواب میں بینچ پر بھی اعتراض اٹھایا گیا،عدالت نے عمران خان کی نااہلی کی درخوست پر سماعت کیلئے لارجر بینچ تشکیل دینے کا فیصلہ کر لیا۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز عمران خان نے مبینہ بیٹی ٹیریان کو چھپانے کے کیس میں جواب عدالت میں جمع کرایا۔
Comments