Social

کوئٹہ میں گلستان روڈ پر دھماکہ‘ متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات

کوئٹہ (نیوزڈیسک) صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے گلستان روڈ پر دھماکے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکہ کوئٹہ کے مصروف ترین علاقے گلستان روڈ پر ہوا، جس کے بعد سکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور دھماکے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور 3 زخمیوں کو بے نظیر oسپتال منتقل کردیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی، دھماکا گلستان روڈ پر قائم موسیٰ چیک پوسٹ پر کیا گیا۔خیال رہے کہ چند روز قبل پشاور میں پولیس لائن کی مسجد میں نماز ظہر کے دوران خود کش دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں 100 سے زائد افراد شہید اور 150 افراد زخمی ہوئے، دھماکے میں امام مسجد بھی شہید ہوئے، مسجد میں ہونے والا دھماکہ خودکش تھا، خود کش حملہ آور نماز کے دوران مسجد کی پہلی صف میں موجود تھا، حملہ آ ور نے نماز کے دوران خود کو دھماکے سے اڑایا۔

ادھر پشاور پولیس لائنزدھماکے میں پولیس اور سی ٹی ڈی کو حملہ آور اور سہولتکارکی شناخت میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، پشاور پولیس لائنزمیں خودکش حملہ آور کی سہولت کار کے ساتھ تصویر سامنے آگئی ہے، مبینہ حملہ آور کی رنگ روڈ پر موجودگی اور سہولتکار کے ساتھ تصویر سامنے آئی ہے، سہولتکار موٹرسائیکل چلا رہا ہے، مبینہ حملہ آور پیچھے بیٹھا ہے، سہولتکار نے خودکش حملہ آور کو رنگ روڈ پر پہنچنے میں مدد فراہم کی، مبینہ حملہ آور رنگ روڈ کے راستے جی ٹی روڈ پر داخل ہوا، سہولتکار جمیل چوک سے آگے رنگ روڈ پر موٹرسائیکل سے اتر گیا۔
دوسری جانب آئی جی خیبرپختونخوا پولیس معظم جاہ انصاری کا کہنا ہے ایپکس کمیٹی میں دہشتگردی کیخلاف سمت کا تعین کر لیا گیا ہے، دھماکا خیزمواد جہاں بنتا اور استعمال ہوتا ہے اس کی ای ٹیگنگ کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے افغان حکومت سے تعاون کا فیصلہ کیا گیا ہے، پولیس اور سی ٹی ڈی کے استعداد کار کو بڑھایا جائے گا، افغانستان سے کوئی معلومات چاہئے ہوگی تو باہمی قانونی معاونت ہوگی، افغانستان کو کہیں گےکہ پاکستان کو غیرمستحکم کرنے والوں کیخلاف کارروائی کرے۔
معظم جاہ انصاری نے کہا کہ ہماری سیاسی قیادت افغانستان کی سیاسی قیادت سے بات کرے گی، اور عسکری قیادت افغانستان کی عسکری قیادت سے بات کرے گی، جبکہ مذہبی رہنما افغانستان کے مذہبی رہنماؤں سے بات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایپکس کمیٹی میں سمت کا تعین کر لیا گیا ہے کہ آگے کیسے بڑھنا ہے، دھماکا خیز مواد جہاں بنتا اور استعمال ہوتا ہے اس کی ای ٹیگنگ کی جائے گی، بھتے کی کالز افغان واٹس ایپ نمبروں سے آتی ہیں۔
یاد رہے گزشتہ روز وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، اعلامیہ میں بتایا گیا کہ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، حساس اداروں کے نمائندوں نے سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے وفاق اور صوبوں کے درمیان حکمت عملی اپنانے پر اصولی اتفاق کیا گیا۔
دہشتگردوں کی معاونت کرنے والے تمام ذرائع ختم کرنے پربھی اتفاق کیا گیا۔ ایپکس کمیٹی اجلاس کے شرکا کو دہشتگردوں کیخلاف کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی، موجودہ حالات کے مطابق نیشنل ایکشن پلان میں مزید بہتری کی تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ پنجاب کی طرز پرخیبرپختونخوا میں جدید فرانزک لیبارٹری قائم کرنے کی بھی منظوری کی گئی۔ اعلامیہ میں بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا میں اسلام آباد اور لاہورجیسا سیف سٹی منصوبہ شروع ہوگا، دہشتگردوں کیخلاف تحقیقات، پراسیکیوشن اور سزا کے مراحل پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں نیکٹا، سی ٹی ڈی اور پولیس کی اپ گریڈیشن کی تجاویز کی منظوری بھی دی گئی۔ تربیت، اسلحہ، ٹیکنالوجی اور دیگر ضروری سازوسامان کی فراہمی کی تجاویز کی اصولی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں خیبرپختونخوا میں فوری طور پر’’سی ٹی ڈی‘‘ ہیڈ کوارٹر کی تعمیر کی منظوری دی گئی۔ پولیس، سی ٹی ڈی کی تربیت، استعداد کار میں اضافہ کیا جائے گا۔ سیکیورٹی اہلکاروں کو جدید آلات فراہم کئے جائیں گے، اجلاس میں بارڈر منیجمنٹ کنٹرول اور امیگریشن کے نظام کے حوالے سے جائزہ لیا گیا، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ضرورت کے مطابق قانون سازی کی جائے گی۔


اس خبر پر اپنی راۓ کا اظہار کریں

RATE HERE


آپ کا نام


آپکا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا

آپکا ای میل ایڈریس


آپنا تبصرا لکھیں
Submit

Comments

اشتہار



مزید پڑھیں
tml> Tamashai News Tv