مدینہ منورہ (نیوزڈیسک) رمضان المبارک میں مسجد نبوی ﷺ کے زائرین کی تعداد ڈیڑھ کروڑ تک پہنچ گئی۔ عرب میڈیا کے مطابق حرمین الشریفین انتظامیہ کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران اب تک مسجد نبوی ﷺ کے زائرین کی تعداد ڈیڑھ کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے، محرم سے لے کر 15 رمضان تک ایک کروڑ 63 لاکھ افراد مسجد نبوی ﷺ کی زیارت کرچکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ رمضان المبارک میں زائرین کی خدمت اور سہولت فراہم کرنے کے لیے جامع منصوبے پر عمل کیا جارہا ہے، حرمین انتظامیہ کے تمام شعبے اور ان میں کام کرنے والا عملہ زائرین کو سہولت فراہم کرنے کے لیے مخلصانہ محنت کر رہا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ مسجد نبوی ﷺ میں روزانہ 3 لاکھ نمازیوں اور زائرین کے لیے افطاری کے انتظامات کیے گئے ہیں، جہاں ہر سال رمضان کے دوران مدینہ میں کیٹرنگ کمپنیاں مسجد نبوی ﷺ کو روزانہ افطار کی ضیافتیں فراہم کرنے کی تیاری کرتی ہیں، جو روں برس زائرین اور عمرہ کرنے والے تقریباً 3 لاکھ افراد کو کھانا فراہم کررہی ہیں، افطار کا کھانا مسجد اور آس پاس کے علاقوں کے اندر پیش کیا جاتا ہے، جس میں حفظان صحت کے حالات کو برقرار رکھنے پر توجہ دی جاتی ہے، کھانے میں عام طور پر کھجوریں، تازہ روٹی، دہی، پانی اور سینڈوچ ہوتے ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ کھانے کا اہتمام مسجد نبوی ﷺ کے امور کے لیے جنرل پریذیڈنسی کی ایجنسی نے تسلیم شدہ کیٹرنگ کمپنیوں کے تعاون سے کیا ہے، یہ کمپنیاں کھانوں کے اعلیٰ ترین معیارات پر پورا اترنے کے لیے کام کرتی ہیں، ہر انفرادی پیکج کو ایجنسی کی طرف سے احتیاط سے تیار کیا جاتا ہے۔ ایک کیٹرنگ کمپنی کے سی ای او عمران دولت نے بتایا کہ ان کی کمپنی کی فی کھانے کی قیمت 7 ریال ہے اور وہ بہترین بیکڈ اشیا، کھجور اور دہی فراہم کرنے کی کوشش کرتے ہیں، افطار کا کھانا عام طور پر عصر کی نماز کے اختتام پر مسجد کی تمام سمتوں میں مخصوص دروازوں سے تقسیم کیا جاتا ہے، تاہم نمازیوں اور زائرین کی حفاظت کو برقرار رکھنے کے لیے مسجد اور اس کی سہولیات کے ساتھ ساتھ ارد گرد کے اندرونی اور بیرونی چوکوں میں کھانا فراہم کرنے کے لیے ایجنسی سے اجازت نامے کی ضرورت ہے۔
Comments