بیجنگ (نیوزڈیسک) پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے)نے 6 اگست سے اسلام آباد۔بیجنگ پروازوں کے لیے مفت سامان کی اجازت کے ساتھ کم کرایوں کی پیشکش کی ہے۔ ایک عہدیدار نے جمعہ کو یہاں اے پی پی کو بتایا کہ پی آئی اے نے اکانومی کلاس کے لیے50 کلوگرام فری بیگج الائوانس اور ایگزیکٹو اکانومی کلاس کے مسافروں کے لیے بالترتیب 60 کلوگرام کے ساتھ کرایوں میں کمی کی پیشکش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرایہ میں کمی اور مفت سامان کی اجازت سے ان مسافروں کو سہولت ملے گی جو مطالعہ، کاروبار، کام یا اہل خانہ سے ملاقات کے لیے چین کا سفر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ پی آئی اے ہر اتوار کو اسلام آباد۔بیجنگ اور بیجنگ۔ اسلام آباد کے لیے ہفتہ وار مسافر پروازیں چلارہی ہے۔
چین کے صوبہ زی جیانگ کے شہر ہانگزو میں مقیم پاکستانی سکالر علی عمران نے اس پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ مفت سامان کی اجازت کے ساتھ نیا کرایہ پاکستانی اور چینی مسافروں کو بہت زیادہ سہولت فراہم کرے گا ۔
انہوں نے کہا کہ بہت سے پاکستانی طلبہ موسم گرما کی تعطیلات کے بعد اپنے تعلیمی اداروں میں شامل ہوں گے اور بہت سے دیگر طلبہ نئے تعلیمی سال کا آغاز کریں گے جو نئی پیشکش سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت مکمل ہونے والے منصوبوں کے چینی ملازمین بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ ایک پاکستانی ٹور آپریٹر غلام شفا نے کہا کہ پاکستان اور چین ثقافتی اور عوامی سطح پر تبادلے کو فروغ دینے کے لیے رواں سال کو ’’سیاحت کے سال‘‘کے طور پر منا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پیشکش چینی سیاحوں کو راغب کرے گی جو پاکستان کے سیاحتی ، تاریخی اور ثقافتی مقامات کا دورہ کرنا چاہتے ہیں۔
Comments