ڈھاکہ/کلکتہ(نیوزڈیسک) بنگلہ دیش اور بھارت میں طاقتورسمندری طوفان ”ریمل“نے تباہی مچادی ہے‘ آندھی اور موسلا دھار بارش نے مقامی باشدوں اور امدادی کارکنوں کے لیے مشکلات کھڑی کردی ہیں طوفان میں بنگلہ دیش کے سات اضلاع میں اب تک 21 افراد ہلاک ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں جبکہ بھارت میں 6افراد ہلاک ہوئے ہیں طوفان کے نتیجے میں کل 37 لاکھ لوگ متاثر ہوئے ہیں جبکہ 35 ہزار 483 گھر مکمل طور تباہ ہوگئے ہیں مجموعی طور پر ایک لاکھ 15 ہزار 992 عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے.
بنگلہ دیشی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزیرمملکت برائے قدرتی آفات محب الرحمان نے ہلاکتوں میں اضافے کے خدشے کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ زیادہ متاثرہ اضلاع میں کھلنا، ستکھیرا، باگیرہاٹ، جھلکاٹھی، باریشال، پٹوکھلی، پیروج پور، برگونہ، بھولا، فینی، کاکس بازار، چٹگرام، نواکھلی، لکشمی پور، چاند پور، ناریل، گوپال گنج، شریعت پور اور جاشور شامل ہیں.
انہوں نے بتایا کہ آفت سے متاثرہ لوگوں کے لیے امدادی سرگرمیاں شروع کر دی گئی ہیں، تقسیم کے لیے 55سو ٹن چاول اور 5ہزار خشک خوراک کے پیکٹوںکے ساتھ 6اعشاریہ85 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں ہم نے حکومت کے تمام محکموں کے ساتھ مل کر سمندری طوفان ٹکرانے سے پہلے کی سرگرمیاں کی ہیں اور اب ہم طوفان کی شدت کم ہونے کے بعد بحالی کی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں.
انہوں نے کہا کہ میں نے ذاتی طور پر ساحلی اضلاع کے اراکین پارلیمنٹ سے مقامی لوگوں کے بارے میں جاننے کے لیے فون پر بات کی خلیج بنگال میں آنے والے اس طوفان کی رفتار 135 کلومیٹر فی گھنٹہ بتائی جارہی ہے بلند سمندری لہروں اور تیزہواﺅں سے ساحلی علاقوں میں کئی دیہات اڑگئے ہیں . حکام کا کہنا ہے کہ بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کے خدشے کے پیش نظر ساحل کے قریب مچھیروں کی بستیوں اور چھوٹے دیہات کو پہلے ہی خالی کروالیا گیا تھا .
سمندری طوفان کی پشین گوئی ہفتے کے دن کی گئی تھی خلیج بنگال کے ساتھ بنگلہ دیش اور بھارت کے طویل ساحلی علاقے ہیں اس کے علاوہ 6جزائربھی خلیج بنگال میں واقع ہیں جن میں زیادہ تر بنگلہ دیش اور بھارت جبکہ کچھ برما اور سری لنکا کی ملکیت ہیں ان جزائرکے بارے میں بنگلہ دیشی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ معلومات حاصل کرنے کی کوششیں جاری ہیں کیونکہ سمندری طوفان سے مواصلاتی رابطوں میں خلل آیا ہے بتایا گیا ہے کہ سمندری طوفان”ریمل“نے پیر اور منگل کی درمیانی شب بنگلہ دیش کی جنوبی بندرگاہ مونگلا اور بھارت کے مغربی بنگال میں ملحقہ جزائر کے ارد گرد کے علاقے کو عبور کیا تاہم منگل کی صبح تک طوفان کی شدت کم ہوچکی ہے .
Comments