پنسلوانیا (نیوزڈیسک) امریکہ میں الیکشن کے لیے انتخابی مہم کے دوران ریاست پنسلوانیا کے علاقے بٹلر میں انتخابی ریلی کے دوران قاتلانہ حملے میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ زخمی ہوگئے۔ عالمی میڈیا کے مطابق امریکہ الیکشن میں ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ انتخابی ریلی سے خطاب کر رہے تھے کہ اس دوران فائرنگ کی زوردار آوازیں سنائی دی گئیں، واقعے کے بعد ریلی میں بھگدڑ مچ گئی اور لوگ جان بچانے کے لئے بھاگنے لگے اور سابق صدر امریکی صدر اسٹیج پر گرگئے جنہیں سیکرٹ سروس کے ایجنٹوں نے فوری طور پر اپنے حصار میں لے کر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا، اس دوران ڈونلڈ ٹرمپ اپنے سپورٹرز کا حوصلہ بڑھانے کے لیے انہیں دیکھ کر روایتی انداز میں مُکہ لہراتے رہے۔
بتایا جارہا ہے کہ واقعہ کے بعد ریلی فوری طور پر ختم کردی گئی، فائرنگ کے اس واقعے کے نتیجے میں حملہ آور کے علاوہ ریلی میں موجود ایک شہری بھی ہلاک ہوا اور دو افراد شدید زخمی ہوئے، سیکریٹ سروس کے ترجمان انتھونی گگلیلمی نے بتایا کہ ’حملہ آور کو موقع پر ہی ہلاک کر دیا گیا، ڈونلڈ ٹرمپ حملے میں محفوظ رہے، فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات ایف بی آئی کی نگرانی میں کی جا رہی ہیں‘۔
خبر رساں ایجنسی نے رپورٹ کیا کہ سابق امریکی صدر اس واقعہ میں زخمی ہوئے، ان کے چہرے اور دائیں کان پر خون دیکھا گیا‘، اس حوالے سے ٹرمپ کی انتخابی مہم کے ترجمان اسٹیون چیونگ نے بتایا کہ ’سابق امریکی صدر ٹھیک ہیں اور ایک مقامی طبی مرکز میں ان کا طبی معائنہ کیا جا رہا ہے، صدر ٹرمپ نے اس گھناؤنے واقعے کے دوران فوری کارروائی کرنے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور امدادی اداروں کا شکریہ ادا کیا‘۔
Comments