واشنگٹن (نیوزڈیسک) "جوبائیڈن حکومت کی وجہ سے عمران خان کی حکومت کا تختہ الٹا گیا" ، امریکا میں پاکستانی کمیونٹی کا صدارتی الیکشن کیلئے ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق امریکا میں صدارتی انتخابات کی مہم تیزی سے جاری ہے، امریکا میں صدارتی انتخابات 5 نومبر کو ہوں گے تاہم امریکا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی اس بار بھی منقسم ہے کہ ڈیموکریٹک امیدوار کوووٹ دیں یا پھر ووٹ ری پبلکن امیدوار کو دیا جائے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی کمیونٹی کی اکثریت اس مرتبہ ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کرتے ہوئے نظر آتی ہے۔ پاکستانی امریکنز کی تنظیم پاک پیک نے صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی توثیق کی ہے۔ بیان میں پاکستانی امریکنز پبلک افئیرز کمیٹی نے بتایا کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ کی تمام پالیسیوں سے تو متفق نہیں مگر سمجھتے ہیں کہ اگر ٹرمپ دوبارہ منتخب ہوئے تو پاکستان اور امریکا کے تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔
بیان میں دعوی ٰکیا گیا کہ ٹرمپ کے برعکس بائیڈن اور ہیریس انتظامیہ نے پاک امریکا تعلقات بہتر بنانے کی سنجیدہ کوششیں نہیں کیں۔ مزید موقف اختیار کیا گیا ہے کہ چونکہ جوبائیڈن حکومت پاکستان میں عمران خان کی حکومت کا تختہ الٹانے میں ملوث تھی، اس لیے امریکی صدارتی الیکشن کیلئے ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کریں گے۔ دوسری جانب امریکا کے سابق صدر اور موجودہ ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے مشی گن ایئرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کملا ہیرس بار کا امتحان تو پاس نہیں کر سکی، ملک کیسے چلائے گی، کملا ہیرس بتائیں انہوں نے مجھے کبھی آرام کرتے دیکھا ہے، میں تھکن کا شکار نہیں پر جوش ہوں کیونکہ ہم الیکشن جیتنے جا رہے ہیں۔
امریکی نائب صدر کملا ہیرس نے مشنی گن میں جوابی خطاب میں کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے پاس کوئی منصوبہ نہیں وہ عوام کی ضروریات کیسے پورا کریں گی ٹرمپ غیر سنجیدہ آدمی ہیں، ان کے وائٹ ہائوس آنے کے سنگین نتائج نکلیں گے۔
Comments