استانہ (نیوزڈیسک) قازقستان میں مسافر طیارے کے حادثے میں 28 افراد کے زندہ بچنے کی تصدیق کردی گئی۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق قازق حکام نے بتایا ہے کہ بحیرہ کیسپین سی کے مشرقی ساحل پر تیل اور گیس کے مرکز اکتاؤ شہر کے قریب ہونے والے آزربائیجان ایئرلائنز کے ایمبریئر 190 طیارے کے حادثے میں 28 افراد زندہ بچ گئے، مقامی وزارت صحت کے حکام نے ایک بیان میں بتایا کہ حادثے کے زخمیوں کو مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جن میں سے بعض مسافر کو انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا ہے۔
آذربائیجان کے صدر کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ طیارے کے حادثے کے اطلاع ملنے پر صدر الہام علییوف نے روس کا دورہ مختصر کر دیا ہے جہاں وہ سابق سوویت ممالک کے گروپ دولت مشترکہ کے سربراہان کے ایک غیر رسمی سربراہی اجلاس میں شرکت کرنے والے تھے۔
بتایا جارہا ہے کہ آذربائیجان سے تعلق رکھنے والا یہ مسافر طیارہ باکو سے روس کے شہر گروزنی کی طرف جا رہا تھا کہ راستے میں شدید دھند کے باعث طیارے کا راستہ تبدیل کیا گیا، اس دوران پرواز حادثے کا شکار ہوگئی، حادثے سے قبل طیارے نے اکتاؤ ایئرپورٹ کے اوپر کئی چکر بھی لگائے، تاہم آذربائیجان ایئر لائنز کے طیارے کو اکتاؤ شہر کے قریب گرتے ہی آگ لگ گئی تاہم اس کے بعد سے آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، قازقستان کی ہنگامی امور کی وزارت نے بتایا کہ ایمرجنسی سروسز جائے حادثہ پر آگ بجھانے کا کام کر رہی ہیں، حادثے کے مقام پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں، تاہم ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ حادثے کی وجہ کیا ہے۔
ترجمان آذربائیجان ایئر لائنز کا کہنا کہ ایمبریئر 190 طیارہ جس کی پرواز نمبر J2/8243 ہے، باکو سے روس کے چیچنیا کے دارالحکومت گروزنی کے لیے پرواز کر رہا تھا لیکن اسے قازقستان کے شہر اکتاؤ سے تقریباً 3 کلومیٹر کے فاصلے پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی، حادثے کی وجوہات کے تعین کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں جن میں تمام ممکنہ پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا جس میں تکنیکی مسئلہ بھی شامل ہے۔
Comments