لاہور(نیوزڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اعجاز چوہدری کا کہنا ہے کہ میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو تجویز دیتا ہوں کہ وہ اپنے والد نواز شریف یا چچا شہباز شریف کو کہیں کہ یہ لوگ مذاکرات بند کرا دیں، ہم تو جیلوں میں پڑے ہیں، مزید کچھ عرصہ اور گزار لیں گے، مریم نواز چاہتی ہیں کہ مذاکرات ناکام ہوں،انسداد دہشتگردی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں ایوان بالا میں پنجاب کا نمائندہ ہوں۔
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے میرے پروڈکشن آرڈر جاری کئے لیکن جیل حکام نے مجھے جانے نہیں دیا۔ یہ چیئرمین سینیٹ کی توہین ہے۔میں چاہتا ہوں کہ صدر آصف زرداری اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اس کا نوٹس لیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہماری پہلی ترجیح ہے اور یہ مذاکرات ملک کے مفاد میں ہو رہے ہیں اس لئے ان کو جاری رہنا چاہیے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز سینیٹ اجلاس میں پی ٹی آئی رہنماءاعجاز چوہدری کو پروڈکشن آرڈر جاری ہونے کے باوجود پیش نہیں کیا گیا تھا۔
چیئرمین سینیٹ کی جانب سے جاری کئے گئے آرڈر لانے والی پولیس پارٹی کوٹ لکھپت جیل لاہور کی انتظامیہ سے ملاقات کئے بغیر ہی واپس روانہ ہوگئی تھی۔جیل انتظامیہ کا کہنا تھا کہ اعجاز چوہدری کے پروڈکشن آرڈر موصول نہیں کروائے گئے تھے۔قبل ازیں چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے پاکستان تحریک انصاف کے اسیر سینیٹر اعجاز چوہدری کے پروڈکشن آرڈز جاری کر دئیے تھے۔
پروڈکیشن آرڈر جاری ہونے کے بعدسینیٹر اعجاز احمد چوہدری کل ہونے والے سینیٹ کے اجلاس میں شرکت کر سکیں گے۔سینیٹر اعجاز چوہدری9مئی مقدمات میں کوٹ لکھپت جیل میںقید تھے ، سینیٹر اعجاز چوہدری پاکستان تحریک انصاف کی ٹکٹ پر سینیٹر منتخب ہوئے تھے تاہم گزشتہ ڈیڑھ سال سے وہ سینیٹ کے کسی اجلاس میں شریک نہیں ہوئے تھے۔پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سینیٹر اعجاز چوہدری کے پروڈکشن آرڈر کیلئے خط سینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع کروا گیا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءاعجاز چوہدری کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کیلئے خط سینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع کروایا گیا تھا۔ رہنماء پی ٹی آئی نے اپنے وکیل بابر اعوان کے ذریعے جمع کرائے گئے خط میں چیئرمین سینیٹ کو پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا کہا تھا۔ خط میں کہا گیا تھا کہ اعجاز چوہدری سینیٹ کے ممبر ہیں جن کو ڈیڑھ سال سے کسی اجلاس میں پیش نہیں کیا گیا تھا۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءبابر اعوان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے سینیٹر اعجاز چوہدری ایک صوبے کے سینیٹ میں نمائندہ ہیں۔ انہیں ڈیڑھ سال سے پابند سلاسل رکھا گیا تھا۔
Comments