ڈیووس (نیوزڈیسک) پاکستان اور سعودی عرب نے دونوں ممالک کے معاشی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ عرب نیوز کے مطابق ڈیووس فورم کے موقع پر پاکستان کے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے سعودی ہم منصب محمد بن عبداللہ الجدان سے ملاقات کی ہے جس میں دونوں رہنماؤں کی جانب سے معاشی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا، اس موقع پر محمد اورنگزیب نے سعودی وزیر خزانہ کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے بہتر ماحول پیدا کرنے کے لیے جاری سٹرکچرل اصلاحات، مالیاتی نظم و ضبط، قوائد و ضوابط پر مؤثر عمل درآمد کے حوالے سے آگاہ کیا، ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے مشترکہ خوشحالی کے لیے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معاشی اور مالیاتی تعلقات کو مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
بتایا گیا ہے کہ وزیرِ خزانہ نے سعودی نیشنل بینک کے چیئرمین سعید بن محمد الغامدی سے بھی ڈیووس میں ملاقات کی، جس میں محمد اورنگزیب نے دونوں ممالک کے درمیان بینکنگ سیکٹر میں شراکت داری سے متعلق موضوع پر چیئرمین سعید بن محمد الغامدی سے بات چیت کی، دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ممکنہ مالی تعاون بالخصوص بینکنگ کے شعبے میں شراکت داری کو مضبوط کرنے پر غور کیا، جب کہ ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم کے دوران سعودی ایکسپورٹ امپورٹ بینک اور پاکستان کے بینک الفلاح کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوئے، جس سے تجارتی و معاشی تعلقات مضبوط ہوں گے۔
یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب قریبی علاقائی شراکت دار ہونے کے ساتھ اقتصادی معاملات میں بھی اتحادی ہیں، گزشتہ برس اکتوبر میں دونوں ممالک کے درمیان 2 اعشاریہ 8 ارب ڈالر کے 34 معاہدوں پر دستخط ہوئے جب کہ 27 لاکھ سے زائد پاکستانی شہری روزگار کے سلسلے میں سعودی عرب میں مقیم ہیں اور پاکستان کو سب سے زیادہ ترسیلات زر سعودی عرب سے ہی بھیجی جاتی ہیں۔
Comments