لاہور (نیوزڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے 8 فروری کو مینار پاکستان پر جلسہ کرنے کا فیصلہ کرلیا اور ڈپٹی کمشنر کو درخواست دے دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ٹی آئی نے 8 فروری کو مینار پاکستان پر جلسہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور جلسے کی اجازت کیلئے ڈپٹی کمشنر کو درخواست بھی دے دی ہے، عالیہ حمزہ، ملک احمد بھچراوراعجاز بٹر کی جانب سے جمع کروائی جانے والی درخواست میں مینار پاکستان پر جلسہ کرنے کی اجازت مانگی گئی ہے، تحریک انصاف کا درخواست میں کہنا ہے کہ پی ٹی آئی پرامن طریقے سے 8 فروری کو مینار پاکستان پر جلسہ کرنا چاہتی ہے، آئین کے آرٹیکل 16 کے تحت جلسہ کرنے کی اجازت دی جائے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ 8 فروری کو یوم سیاہ منائیں گے اس روز خیبرپختونخواہ اور شمالی پنجاب سے پی ٹی آئی کے کارکنان صوابی میں جمع ہوں گے جہاں پی ٹی آئی کارکنان اور پارٹی قیادت کی جانب سے صوابی میں احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا، صوابی کے علاوہ ملک کے دیگر شہروں میں بھی پارٹی کے کارکنان احتجاجی مظاہرے کریں گے۔
علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف نے جیلوں میں قید پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی رہائی کے لیے 8 فروری سے دوبارہ ایک نئی تحریک شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، جس کے بارے میں پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس تحریک کے تحت پہلے مرحلے میں مختلف شہروں میں جلسوں کا انعقاد کیا جائے گا اس کے ساتھ ساتھ اسمبلیوں کی سطح پر احتجاج کے لیے بھی پلان ترتیب دیا جائے گا، تحریک کو منظم اور مؤثر بنانے کے لیے حکمت عملی طے کی جا رہی ہے اور جلسوں کے شیڈول کو جلد حتمی شکل دی جائے گی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ اس تحریک کے سلسلے میں پی ٹی آئی نے مقامی قیادت کو اہم ٹاسک سونپنے کا فیصلہ کیا ہے، نئی گرفتاریوں سے بچنے کے لیے پہلے مرحلے میں قانونی تحفظ حاصل کرنے سے متعلق پلان بنایا جارہا ہے، پارٹی قیادت نے اس حوالے سے وکلاء اور قانونی ماہرین سے مشاورت کا آغاز کردیا ہے تاکہ کارکنوں اور رہنماؤں کو قانونی تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
Comments