اسلام آباد(نیوزڈیسک)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے سیاسی سرگرمیوں پر پابندی کا اعلان کر دیا، کسی بھی غیر قانونی اجتماع یا سرگرمی میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، قانون کی خلاف ورزی پر کسی کو بھی رعایت نہیں دی جائے گی،ضلعی انتظامیہ کے ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی میں حصہ لینے سے گریز کریں اور قانون کی پاسداری کو یقینی بنائیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ اقدامات اسلام آباد میں امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے کئے جا رہے ہیں اس لئے شہریوں سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ غیر قانونی اجتماعات سے دور رہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔
ترجمان ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں ممکنہ سیاسی سرگرمیوں کے پیش نظر پہلے سے ہی دفعہ 144 نافذ ہے۔
اس قانون کے تحت شہر میں ہر قسم کے اجتماع اور سیاسی سرگرمیوں پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کردی تھی۔صوبے بھر میں کسی بھی طرح کے جلسے جلوس پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔اس حوالے سے محکمہ داخلہ پنجاب نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا تھا ۔محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کابینہ کمیٹی برائے امن و امان اور صوبائی انٹیلی جنس کمیٹی کی سفارش پر دفعہ 144 نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
Comments