بنوں (نیوزڈیسک) صوبہ خیبرپختونخواہ کے علاقہ بنوں میں پولیس چوکی فتح خیل پر مسلح شرپسندوں کے حملے میں 2 پولیس اہلکار شہید اور 1 زخمی ہوگیا جب کہ پولیس کی جانب سے کی جانے والی فوری جوابی کارروائی کے نتیجے میں حملہ آور فرار ہوگئے۔ پولیس ترجمان کے مطابق اس حملے میں شیہد ہونے والے اہلکاروں میں کانسٹیبل رحیم اللہ اور ضیاء اللہ شامل ہیں، حملے میں دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا تاہم پولیس کی جوابی فائرنگ سے دہشت گرد زخمی حالت میں بھاگنے پر مجبور ہوگئے، واقعے کے بعد پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا تاکہ حملہ آوروں کو گرفتار کیا جا سکے۔
ادھر پاک فوج کا ملک بھر میں دہشتگردوں اور ان کے سہولتکاروں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کامیابی سے جاری ہے، اس دوران سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں آپریشن کرکے 3 خوارج دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا، آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر شمالی وزیرستان میں خوارج کے خلاف آپریشن کیا، سکیورٹی فورسز نے دتہ خیل میں 6 اور 7 فروری کی درمیانی شب آپریشن کیا، آپریشن میں 3 خوارج کو ہلاک کردیا۔
مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ تینوں ہلاک خوارج خواتین کا برقعہ پہن کر فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے، ہلاک خوارج دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے، ہلاک خوارج دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے، سکیورٹی فورسز کا علاقے میں خوارج کی ممکنہ موجودگی کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کی لعنت ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔
مزید برآں وزیراعظم محمد شہبازشریف نے دتہ خیل ضلع شمالی وزیرستان میں فتنتہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کاروائی میں 3 خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا، وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم سیکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتی ہے، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پرعزم ہیں۔
Comments