بہاولپور(نیوزڈیسک)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پنجاب پاکستان کا زرعی پاور ہاوس بن گیا ہے، فوج ملک کی معاشی ترقی کے عمل میں بھرپور حمایت جاری رکھے گی، جدید زراعت میں پنجاب اور کسانوں کا قائدانہ کردار قابل تحسین ہے،آرمی چیف اور اعلیٰ حکومتی عہدیداران نے ایس آئی ایف سی کے گرین کارپوریٹ انیشی ایٹو کا دورہ کیا اس موقع پروفاقی وزیر آبی وسائل ڈاکٹر مصدق ملک ، مریم اورنگزیب سمیت دیگر وفاقی و صوبائی وزرا اور زرعی شعبے سے متعلق افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔
دورے کے دوران شرکاءکو زرعی شعبے کی ترقی کیلئے استعمال ہونے والی جدید زرعی مشینری کا معائنہ بھی کرایا گیا۔ گرین پاکستان منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مختصر وقت میں پنجاب حکومت کے گرین کارپوریٹ منصوبے کے تحت کاوشوں کی تعریف کی۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ گرین کارپوریٹ منصوبے کے تحت مختصر وقت میں یہ کامیابیاں حوصلہ افزا اور ترقی کی نوید ہیں۔
پاک فوج ملک کی معاشی ترقی کے عمل میں بھرپور حمایت جاری رکھے گی۔جدید زراعت میں یہاں کے کسانوں کا قائدانہ کردار قابل تحسین ہے۔پنجاب میں زراعت کو جدید بنانے کیلئے انقلابی اقدام اٹھایا گیا ہے۔تقریب کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے شہداءکے بچوں اور زخمی غازیوں کو زمین کی الاٹمنٹ کے خطوط بھی دئیے جو حکومت کے کسانوں اور عوام کی فلاح و بہبود کے عزم کا مظہر ہے۔
یہ بھی بتایاگیا ہے کہ اس منصوبے کے تحت پانچ ہزار ایکڑ پر مشتمل جدید زرعی فارم کا بھی آغاز کر دیاگیا ہے ۔گرین ایگری مال اینڈ سروسز سروس کمپنی کسانوں کو ان کے گھر کی دہلیز پر معیاری بیج، کھاد، کیڑے مار ادویات رعایتی قیمت پر فراہم کرے گی ۔ملک بھر کے زرعی تحقیقی اداروں سے تعاون کو یقینی بنایا جائے گا۔کسانوں کو ڈرونز سمیت زرعی مشینری رعایتی کرائے پر دستیاب ہو گی۔جدید آبپاشی کے نظام کیلئے پنجاب بھر میں 25 گرین ایگری مال تیار کئے گئے ہیں اور سال کے اختتام تک ملک بھر میں 250 گرین ایگری مال کی تکمیل متوقع ہے۔
Comments