اوکاڑہ (نیوزڈیسک) لاہور سے کراچی جانے والی مال بردار گاڑی اوور سپیڈ کے باعث ٹریک تبدیل نہ ہونے کی وجہ سے الٹ گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ حادثہ اوکاڑہ میں گیمبر پھاٹک کے قریب پیش آیا جہاں ایک مال بردار ٹرین کا انجن اور پانچ بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، حادثہ بروقت بریک ٹریک تبدیل نہ ہونے اور بریک نہ لگنے کے باعث پیش آیا۔
ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ مال گاڑی لاہور سے کراچی جا رہی تھی کہ اچانک بریک فیل ہونے کے باعث حادثے کا شکار ہوگئی، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریلوے انتظامیہ اور مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں، حادثے کے باعث ریلوے ٹریک پر ٹریفک معطل ہو گیا جس کو کلیئر کرنے کا کام شروع کردیا گیا اس کے علاوہ، ریلوے حکام نے واقعے کی تحقیقات کا بھی آغاز کر دیا۔
چند روز قبل شالیمار ایکسپریس کی شاہدرہ ریلوے اسٹیشن کے قریب ٹرین کی تین بوگیاں پٹری سے اتر گئی تھیں، حادثے کی وجہ سے اپ اینڈ ڈاؤن ٹریک بند ہونے سے لاہور سے فیصل آباد جانے والی والی ٹرینوں کا شیدول متاثر ہوا تھا، شالیمار ایکسپیریس کراچی جانے کیلئے لاہور سے صبح ساڑھے7 بجے روانہ ہوئی تھی، حادثے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی اور حکام نے بتایا کہ ڈی ریل ہونے والی تینوں بوگیوں میں سوار تمام مسافر محفوظ رہے۔
بعد ازاں لاہور سے کراچی جانے والی شالیمار ایکسپریس کوپیش آنے والے حادثے کی تحقیقات مکمل کرلی گئیں، ٹرین حادثے کا ذمہ دار ٹرین ڈرائیور کو قرار دیا گیا، ڈی ایس ریلوے محمد حنیف گل نے کہا کہ شالیمارایکسپریس کو حادثہ ڈرائیور کی غفلت کی وجہ سے ہوا، ڈرائیور نے ٹرین حادثے کے وقت بریک لگانے کی زحمت گوارہ نہیں کی، ڈرائیور نے ٹرین کی رفتار تیز رکھی تھی، ایس او پیز کے مطابق ٹرین کی سپیڈ 15 کلومیٹر ہونا تھی، تیز رفتاری کی وجہ سے شالیمارایکسپریس کی 3بوگیاں پٹڑی سے اتریں، اگر ڈرائیور بروقت بریک لگاتا تو نقصان کم ہوتا۔
Comments