لاہور (نیوزڈیسک) ملک میں رمضان المبارک کے لیے سکولوں کے اوقات کار تبدیل کردیئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں رمضان المبارک کیلئے سکولوں کے اوقات کار تبدیل کیے گئے ہیں اس کے علاوہ سندھ حکومت کی جانب سے بھی ماہ صیام کے لیے نئے اوقات کار جاری کر دیئے گئے۔ بتایا گیا ہے کہ لاہور میں رمضان المبارک میں سکولوں میں پڑھائی صبح ساڑھے 8 بجے شروع ہوگی اور دن ایک بجے چھٹی کردی جائے گی، جمعتہ المبارک کے دن دوپہر ساڑھے 12 چھٹی ہوا کرے گی جب کہ ڈبل شفٹ والے سکولوں میں پہلی شفٹ ساڑھے 8 بجے شروع ہو کر ساڑھے 12 بجے تک ہوگی اور دوسری شفٹ ایک بجے سے شام 4 بجے تک ہوگی، جمعہ کے دن دوسری شفٹ اڑھائی بجے شروع ہوگی اور 5 بجے چھٹی ہوگی۔
اسی طرح صوبہ سندھ میں رمضان المبارک کے دوران سکولوں کے اوقات کار کے حوالے سے جاری نوٹیفکیشن سے معلوم ہوا ہے کہ صوبے کے ڈبل شفٹ پر چلنے والے پرائمری سکولوں میں پہلی ڈبل شفٹ صبح ساڑھے 7 بجے سے ساڑھے 11 بجے تک ہوگی، دوسری شفٹ صبح 11 بج کر 45 سے شروع ہو گی اور 2 بج کر 45 منٹ تک رہے گی، سنگل شفٹ صبح 8 بجے سے دن ساڑھے 12 بجے تک ہوگی, جمعے کے روز پرائمری سکولوں میں پہلی شفٹ صبح ساڑھے 7 بجے سے ساڑھے 10 بجے تک ہوگی، صوبہ سدھ میں سنگل شفٹ 8 بجے سے ساڑھے 11 بجے تک ہوگی جب کہ ڈبل شفٹ 11 بج کر 45 منٹ سے شروع ہوکر سوا ایک بجے تک رہے گی۔
علاوہ ازیں صوبہ سندھ میں میٹرک امتحانات کے شیڈول میں ردوبدل کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، مارچ میں شیڈول امتحانات اب رمضان المبارک اور عیدالفطر کے بعد لیے جائیں گے، حتمی فیصلہ محکمہ تعلیم کے اجلاس میں کیا جائے گا، وزیر تعلیم سندھ سید سردار شاہ نے منگل کو محکمہ تعلیم کی ایگزیکٹیو کمیٹی کا اہم اجلاس طلب کیا ہے، اجلاس میں صوبہ بھر میں میٹرک کے امتحانات کی تاریخ تبدیل کرنے کا فیصلہ متوقع ہے۔
Comments