لاہور (نیوزڈیسک) پنجاب کابینہ میں توسیع کے لیے مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے ارکان اسمبلی کے ناموں کی منظوری دیدی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی کابینہ کے بعد پنجاب کابینہ میں بھی مزید وزراء کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس حوالے سے مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے ارکان اسمبلی کے ناموں کی بھی منظوری دے دی ہے، جن میں سلمان نعیم، رانا طاہر اقبال، افتخار حسین، رانا محمد ارشد شامل ہیں، بیگم ذکیہ شاہنواز، رانا محمد اقبال، منشاءاللہ بٹ، ایوب گادھی بھی صوبائی کابینہ کا حصہ بنیں گے، ملک اسدعلی کھوکھر، ملک آصف بھا، اسامہ لغاری اور شعیب صدیقی کا نام بھی صوبائی کابینہ میں شامل ہونے والے نئے ناموں کی فہرست کے لیے شارٹ لسٹ کرلیا گیا، کابینہ کے نئےارکان کی حلف برداری بھی رواں ہفتے ہی ہونے کا امکان ہے۔
ابھی چند روز قبل ہی وزیر اعظم شہباز شریف کی وفاقی کابینہ میں بھی ایک ساتھ بڑا اضافہ کیا گیا ہے اور قابل ذکر بات یہ ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے کابینہ میں یہ اضافہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب حکومت معاشی مشکلات کے باعث اپنے اخراجات میں کمی کرنے کے دعوے کر رہی ہے، حکومت کی جانب سے ایک جانب کئی وزارتوں، ہزاروں ملازمتوں کو ختم کیا جا رہا ہے تو دوسری جانب عین اسی وقت وفاقی کابینہ میں بڑا اضافہ کر دیا گیا۔
وفاقی کابینہ میں نئے شامل ہونے والے وفاقی وزراء اور وزرائے مملکت نے حلف اٹھایا، حلف برداری ایوان صدر اسلام آباد میں منعقد ہوئی، صدر مملکت آصف علی زرداری نے حلف لیا، حلف اٹھانے والے وفاقی وزراء میں حنیف عباسی، معین وٹو، مصطفیٰ کمال، سردار یوسف، علی پرویز، شزہ فاطمہ، جنید انور، خالد مگسی، پیر عمران شاہ، اورنگزیب کھچی، رانا مبشر، رضا حیات ہراج شامل ہیں۔
اس کے علاوہ کابینہ شمولیت کا حلف اٹھانے والے وزرائے مملکت میں ملک رشید، ارمغان سبحانی، طلال چوہدری، کھیئل داس، رحمان کانجو، بلال کیانی، مختار بھرت، شذرہ منصب، انور چوہدری، وجیہہ قمر شامل ہیں، اس کے علاوہ وزیر اعظم کے 3 مشیر توقیر شاہ، پرویز خٹک اور محمد علی نے بھی عہدے کا حلف اٹھایا، یوں مجموعی طور پر وفاقی کابینہ میں 13 نئے وفاقی وزراء، 11 نئے وزرائے مملکت اور 3 مشیروں کا اضافہ کیا گیا۔
Comments