واشنگٹن (نیوزڈیسک) امریکہ داخلے پر شہریوں کی پابندی کی وضاحت کیلئے پاکستان نے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ سے رابطہ کرلیا۔ ڈان اخبار کے مطابق پاکستان نے امریکہ میں اپنے شہریوں کے داخل ہونے پر عائد ہونے والی ممکنہ سفری پابندیوں کی اطلاعات کے بعد وضاحت کے لیے محکمہ خارجہ سے رابطہ کیا ہے، اس کی تصدیق امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کی، اس حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ سفری پابندیوں سے متعلق وضاحت کیلئے ہم امریکی محکمہ خارجہ کے ساتھ رابطے میں ہیں تاہم ان کی جانب سے اب تک ایسی کوئی معلومات شیئر نہیں کی گئیں، اس متعلق تمام باتیں فی الحال خبروں پر مبنی ہے، اب تک کچھ بھی سرکاری طور پر سامنے نہیں آیا، ہم اب بھی تصدیق کا انتظار کر رہے ہیں۔
گزشتہ ہفتے عالمی نیوز ایجنسی رائٹرز نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ پاکستان کو بھی ان ممالک کی فہرست میں شامل کیا جا سکتا ہے جن کے شہریوں کو امریکہ میں داخلے سے روکا جائے گا، پاکستانیوں کو سفر پر مکمل پابندی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا لیکن ویزوں کے لیے درخواست دیتے وقت انہیں مزید جانچ پڑتال سے گزرنا پڑ سکتا ہے۔
اسی حوالے سے نیویارک ٹائمز نے بھی خبر دی تھی کہ پاکستان کو اورنج کیٹیگری میں رکھا جا سکتا ہے جس کے تحت مخصوص قسم کے ویزوں پر پابندیاں عائد کی جائیں گی، اس زمرے میں شامل ممالک صرف خوشحال افراد کے لیے کاروباری سفر جیسے ویزے کے اہل ہوں گے لیکن تارکین وطن یا سیاحوں کے لیے نہیں، ان ویزوں کی مدت کو بھی کم کیا جاسکتا ہے اور درخواست دہندگان کو ذاتی انٹرویو میں شرکت کی ضرورت ہوگی۔
Comments