
نئی دہلی (نیوزڈیسک) بھارت کو اس وقت ایک اور خفت کا سامنا کرنا پڑا جب ای او ایس 09 سیٹیلائٹ لانچ کے تیسرے مرحلے میں ناکام ہوگیا۔ بی بی سی کے مطابق بھارت کے خلائی تحقیق کے ادارے انڈین سپیس ریسرچ آرگنائزیشن (آئی ایس آر او) نے بتایا ہے کہ ستیش دَھون خلائی مرکز سے بھیجا جانے والا مشن ناکام رہا ہے، پی ایس ایل وی سی61 راکٹ مشن کے تیسرے مرحلے میں ناکام ہوگیا، یہ سیٹیلائٹ سویلین اور فوجی مقاصد کے لیے استعمال ہونا تھا۔
آئی ایس آر او سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ 101ویں لانچ کی کوشش کی گئی تھی، دوسرے مرحلے تک راکٹ کی کارکردگی معمول کی مطابق تھی تاہم تیسرے مرحلے میں اس میں خرابی پیدا ہوئی جس کے بعد مشن مکمل نہ کیا جا سکا، اس مشن کے تحت ای او ایس (ارتھ آبزرویشن سیٹیلائٹ) 09 سیٹیلائٹ کو مدار میں چھوڑا جانا تھا۔ معلوم ہوا ہے کہ ای او ایس 09 آئی ایس آر او کی جانب سے فروری 2022ء میں خلا میں چھوڑے گئے ریڈار ایمیجنگ سیٹیلائٹ ای او ایس 04 کا ہی ایک اور ماڈل ہے، ای او ایس 09 بنانے کا مقصد بھارت کی ریموٹ سینسنگ صلاحیتوں میں اضافہ کرنا تھا، اس میں جدید سی بینڈ سنتھیٹک اپرچر ریڈار نصب تھا جس کی مدد سے کسی بھی موسمی صورتحال میں زمین کی ہائی ریزولیشن تصویریں لی جا سکتی تھیں۔
Comments