Social

ایران کے ساتھ جنگ چھیڑنا شیر سے کھیلنے کے مترادف ہے، کہانی کا اختتام ایران کے ہاتھوں لکھا جائے گا، مسعود پزشکیان

تہران(نیوزڈیسک)ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ چھیڑنا شیر سے کھیلنے کے مترادف ہے، یہ ایک قوم اور ایک حکومت کی آواز ہے جو دنیا کو گواہ ٹھہرا رہی ہے کہ ہم نے جنگ کا آغاز نہیں کیا لیکن کہانی کا اختتام ایران کے ہاتھوں لکھا جائے گا،ایرانی صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیل نے رات کے اندھیرے میں ہمارے وطن پر جارحیت کی جس کے نتیجے میں ہمارے متعدد شہری، فوجی جنرل اور سائنسدان شہید ہوئے اور یہ بات بھی ثابت ہوگئی کہ ایک پاگل جانور کی طرح بین الاقوامی حقوق کے دعوے داروں کی نظروں کے سامنے بے شرمی کے ساتھ حملے کئے۔
ہم عالمی سطح پر اپنی عزت اور وجود کا دفاع کریں گے لیکن عالمی اداروں کے منتظر بیٹھے نہیں رہیں گے اور باذن اللہ انتقام کا لمحہ قریب اور صیہونیوں کی رگ گردن سے زیادہ قریب ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران نے گزشتہ 200 سال میں کبھی کسی جنگ کا آغاز نہیں کیا۔ انتقام اور دفاع ہمارا قانونی اور جائز حق ہے۔وطن کے دفاع میں نہ پہلے کبھی ہچکچاہٹ کی اور نہ آئندہ کریں گے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل اسرائیل نے ایران پر فضائی حملہ کرتے ہوئے جوہری اور فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔ ان حملوں میں مسلح افواج کے سربراہ جنرل محمد باقری،پاسداران انقلاب کے سربراہ جنرل حسین سلامی سمیت متعدد فوجی کمانڈرز، 6 جوہری سائنسدان اور عام شہری جاں بحق ہو گئے تھے۔اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹس نے اعلان کیا تھا کہ اسرائیل نے ایران کے خلاف فضائی حملے کئے تھے جن میں ایران کی جوہری تنصیبات اور دیگر عسکری اہداف کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے ارنا نے تصدیق کی تھی کہ تہران پر کئے گئے اسرائیلی حملوں میں مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل محمد باقری اور پاسداران انقلاب کے چیف کمانڈر میجر جنرل حسین سلامی جاں بحق ہو گئے تھے۔ ایران کے جوہری سائنسدان محمد مہدی طہرانچی اور ایرانی ایٹمی توانائی تنظیم کے سابق سربراہ فریدون عباسی سمیت خاتم الانبیا ہیڈکوارٹرز کے کمانڈر میجر جنرل غلام علی راشد کی موت کی بھی تصدیق کردی گئی تھی۔
ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق تہران کے رہائشی علاقے پر اسرائیلی حملے میں متعدد افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ جاں بحق ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں جبکہ پچاس سے زیادہ شہری زخمی بتائے گئے تھے۔ایرانی سرکاری میڈیا کاکہناتھاکہ اسرائیلی فضائی حملوں میں تہران کے رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 5 شہری جاں بحق اور 20 زخمی ہو گئے تھے۔


اس خبر پر اپنی راۓ کا اظہار کریں

RATE HERE


آپ کا نام


آپکا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا

آپکا ای میل ایڈریس


آپنا تبصرا لکھیں
Submit

Comments

اشتہار



مزید پڑھیں
tml> Tamashai News Tv