پشاور (نیوزڈیسک) خیبرپختونخواہ میں طوفانی بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچا دی، مختلف حادثات میں اموات کی تعداد 46 تک پہنچ گئی۔ سیلابی ریلوں، آسمانی بجلی گرنے اور دیگر واقعات میں درجنوں افراد لاپتہ ہوگئے، جبکہ سڑکوں، گھروں اور دیگر املاک کو شدید نقصان پہنچا۔ ضلع باجوڑ میں آسمانی بجلی گرنے اور کلاؤڈ برسٹ سے جاں بحق افراد کی تعداد 21 ہوگئی، 5 افراد زخمی ہوئے اور کئی مکانات منہدم ہو گئے۔
ضلع باجوڑ کی تحصیل سلارزئی کےعلاقہ جبراڑئی میں رات تقریباً 12 بجے بادل پھٹنے اور آسمانی بجلی گرنے سے کئی مکان تباہ ہوگئے ہیں ۔ متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔ بٹگرام میں سیلاب سے 6 سے 8 مکانات تباہ ہوگئے۔ 30 سے 40 افراد آبی ریلوں میں بہہ گئے۔
10 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں۔ دیگر تاحال لاپتہ ہیں۔ مانسہرہ میں بٹل کے پہاڑی گاؤں ڈھیری حلیم میں کلاؤڈ برسٹ سے متعدد افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق سیلابی ریلہ 5 مکانوں کو بہا کر لے گیا۔ 9 افراد کی لاشوں کو ریلے سے نکال لیا گیا۔ بڑی تعداد میں مال مویشی بھی پانی میں بہہ گئے۔ دوسری جانب مانسہرہ میں کار برساتی نالے میں بہہ گئی۔ دوافراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا، لوئردیر میں موسلادھار بارش سے مکان کی چھت گرنے سے 4 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔ سوات میں ندی نالوں میں طغیانی کے باعث تحصیل مٹہ میں کئی مقامات پر راستے بند ہوگئے۔ لینڈ سلائیڈنگ سے مالم جبہ روڈ بھی بند ہوگیا۔ دریائے سوات اور دریائے پنجکوڑہ میں اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ دریائے سرن اور دریائے کنہار میں بھی پانی کے بہاؤ میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
Comments