لاہور (نیوزڈیسک) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں 30 روپے کے تنازعہ پر دو بھائیوں کو قتل کرنے والے ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) چوہنگ کی جانب سے گرفتار ملزمان کے ہمراہ رائیونڈ میں ان کی طرف سے نشاندہی کیے جانے والے مقام پر چھاپا مارا تو وہاں پر زیرِ حراست ملزمان کے ساتھیوں نے انہیں چھڑوانے کی کوشش کی اس دوران ساتھی ملزمان کی فائرنگ سے زیر حراست ملزم اویس اور شہزاد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔
سی سی ڈی ذرائع نے بتایا کہ ملزمان کے ساتھی توقیر نے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ پولیس پر حملہ کیا، ملزمان کا ساتھی توقیر ساتھیوں کے ہمراہ فرار ہو گیا، تاہم سی سی ڈی چوہنگ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا اور فرار ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی۔
چند روز قبل لاہور روڈ پر پھلوں کی خریداری کے دوران دونوں بھائیوں اور پھل فروش کے درمیان تکرار کے بعد پیش آیا تھا جہاں دونوں بھائیوں نے پھل خریدے تو پھل فروش نے 130 روپے طلب کیے، خریدار بھائی پیسے دینے لگا تو ان کے پاس 100 روپے اور 5 ہزار کے نوٹ تھے، اس دوران 30 روپے کی ادائیگی پر تکرار ہوگئی اور نوبت جھگڑے تک جا ہپنچی، جس پر پر پھل فروش نے اپنی ساتھیوں کو فون کرکے بلالیا، جو قریب ہی کرکٹ کھیل رہے تھے۔
بتایا جارہا ہے کہ جھگڑا شدت اختیار کرنے پر پھل فروش کے ساتھیوں نے کرکٹ بیٹ سے دونوں بھائیوں واجد اور راشد پر بدترین تشدد کیا جس سے ایک بھائی موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا اور دوسرے کو شدید تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں واجد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، ملزمان کے خلاف قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
Comments