اسلام آباد (نیوزڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان سمیت 12 ارکان کی رکنیت ختم کردی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ٹی آئی نے پارٹی پالیسی کے خلاف کام کرنے اور پارٹی مخالف رویہ اپنانے پر وزیراعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان سمیت 12 اراکین اسمبلی کی بنیادی رکنیت ختم کی ہے، اس حوالے سے پی ٹی آئی کے ایڈیشنل سیکریٹری جنرل نے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ اراکین پر پارٹی کی ہدایات کی خلاف ورزی، پارٹی میں فارورڈ بلاک بنانے اور پارٹی کی پوزیشن کے خلاف ووٹ ڈالنے کے سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں، جن اراکین کی رکنیت ختم کی گئی ہے ان میں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان، شمس الحق لون، راجہ اعظم، عبدالحمید، امجد زیدی، حاجی شاہ بیگ، ثریا زمان، راجہ ناصر مقپون، مشتاق احمد، دلشاد بانو اور فضل رحیم شامل ہیں۔
اس سلسلے میں مزید معلوم ہوا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں سابق گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون کو شوکاز نوٹس بھی جاری کیا گیا ہے، جاری کردہ نوٹی فکیشن کے ذریعے پی ٹی آئی کی طرف سے ان تمام اراکین پر پارٹی کا نام، نشان، جھنڈا اور کسی بھی قسم کا عہدہ استعمال کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
Comments