Social

میں قطر اور دہشتگردوں کو پناہ دینے والے تمام ممالک سے کہتا ہوں یا تو انہیں اپنے ملک سے نکال دیں یا پھر انصاف کے کٹہرے میں لائیں؛ اسرائیلی وزیراعظم کا پیغام

یروشلم (نیوزڈیسک) اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو کی جانب سے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں کیے جانے والے حملے کا جواز دیتے ہوئے 2 بار پاکستان کا ذکر بھی کیا گیا۔ بی بی سی کے مطابق امریکہ میں نائن الیون حملوں کے 24 برس مکمل ہونے پر اپنے ایک پیغام میں اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ امریکہ نے بھی القاعدہ کا تعاقب کرتے ہوئے اسامہ بن لادن کو پاکستان میں ہلاک کیا تھا، قطر سمیت دیگر ممالک شدت پسندوں کو پناہ نہ دیں ورنہ اسرائیل ان ممالک میں ایسے حملے جاری رکھے گا کیوں کہ ہمارا بھی ایک 11 ستمبر تھا ہمیں 7 اکتوبر یاد ہے، اس دن ہولوکاسٹ کے بعد یہودیوں کے خلاف بدترین وحشیانہ کارروائی کی گئی۔
نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ امریکہ نے 11 ستمبر کے بعد کیا کیا، اس نے اس گھناؤنے جرم کے ذمہ داران دہشتگردوں کو پکڑنے کا وعدہ کیا چاہے وہ کہیں بھی ہوں، دو ہفتے بعد اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں ایک قرارداد بھی پاس ہوئی، جس میں کہا گیا حکومتیں دہشتگردوں کو پناہ نہیں دے سکتیں، ہم نے بھی اسی پر عمل کیا، 7 اکتوبر کے ماسٹر مائنڈز کا پیچھا کیا اور ہم نے قطر میں ایسا کیا کیوں کہ قطر انہیں سب کچھ دیتا ہے، تو ہم نے وہی کیا جو امریکہ نے کیا تھا، اس نے افغانستان میں القاعدہ کا پیچھا کیا اور اس کے بعد اس نے پاکستان میں اسامہ بن لادن کو مار ڈالا۔

اسرائیل کے وزیراعظم نے کہا کہ اب دنیا کے کئی ممالک ہماری مذمت کر رہے ہیں، انہیں شرم آنی چاہیئے کیوں کہ امریکہ کے ہاتھوں اسامہ بن لادن کے مارے جانے کے بعد انہوں نے کیا کیا تھا؟ کیا تب انہوں نے یہ کہا کہ افغانستان یا پاکستان کے ساتھ بہت بُرا ہوا، نہیں بلکہ انہوں نے تالیاں بجائیں، ان ممالک کو ان ہی اصولوں پر قائم رہنے اور ان پر عمل پیرا ہونے پر اسرائیل کی تعریف کرنی چاہیئے، میں قطر اور دہشتگردوں کو پناہ دینے والے تمام ممالک سے کہتا ہوں یا تو انہیں اپنے ملک سے نکال دیں یا پھر انصاف کے کٹہرے میں لائیں اور اگر آپ ایسا نہیں کریں گے تو ہم کریں گے۔


اس خبر پر اپنی راۓ کا اظہار کریں

RATE HERE


آپ کا نام


آپکا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا

آپکا ای میل ایڈریس


آپنا تبصرا لکھیں
Submit

Comments

اشتہار



مزید پڑھیں
tml> Tamashai News Tv