واشنگٹن (نیوزڈیسک)امریکی صدر نے اچانک بھارت سے متعلق اپنا رویہ نرم کر لیا، بھارت کے ساتھ تجارتی مذاکرات کی کامیابی کا عندیہ دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق مسلسل بھارت کیخلاف جارحانہ رویہ اختیار کرنے والے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اب اچانک بھارت سے متعلق اپنے رویے کو تبدیل کر لیا ہے۔ بدھ کے روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بھارت کیلئے اہم پیغام جاری کیا گیا۔
اپنے سوشل میڈیا پیغام میں امریکی صدر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی رکاوٹیں دور کرنے کے لیے مذاکرات جاری ہیں۔ اپنے بہترین دوست وزیراعظم مودی سے آنے والے ہفتوں میں گفتگو کا منتظر ہوں، یقین ہے 2 عظیم ممالک کے لیے کامیاب نتیجے پر پہنچنا مشکل نہیں ہوگا۔ رمپ کے بیان کے بعد بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی سوشل میڈیا پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ،میں بھی صدرٹرمپ سے بات کرنےکا منتظر ہوں ، بھارت امریکا قریبی دوست اور فطری شراکت دار ہیں، یقین ہےبات چیت تجارتی شراکت داری کے لامحدود امکانات کی راہ ہموار کرے گی۔
بھارتی وزیر اعظم نے کہا کہ امریکا بھارت گفت وشنید کو جلد مکمل کرنے کے لیے ہماری ٹیمیں کام کر رہی ہیں، دونوں ممالک کےعوام کےخوشحال اورروشن مستقبل کےلیےمل کرکام کریں گے۔ واضح رہے کہ حال ہی میں امریکی صدر نے بھارت پر 50 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ امریکی صدر نے اعلان کیا تھا کہ بھارت پر عائد ٹیرف کسی صورت کم نہیں ہو گا، انہوں نے بھارت کیخلاف مزید اور سخت اقدامات اٹھانے کا عندیہ دیا تھا۔
تاہم حال ہی میں چین میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی شرکت اور بھارت کی جانب سے چین سے تعلقات بہتر کرنے کی کوششیں کی اطلاعات کے بعد اب اچانک امریکی صدر نے اپنا رویہ نرم کرتے ہوئے تجارتی معاملات جلد طے پا جانے کا عندیہ دیا ہے۔
Comments