اسلام آباد (نیوزڈیسک) سابق سینیٹر مشتاق احمد کو اسرائیلی قید سے رہا کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق نائب وزیراعطم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ مجھے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ سابق سینیٹر مشتاق کو رہا کر دیا گیا ہے اور اب وہ عمان میں پاکستانی سفارت خانے میں محفوظ ہیں، وہ اچھی صحت اور بلند حوصلے میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی سفارت خانہ سابق سینیٹر کی خواہش اور سہولت کے لحاظ سے ان کی پاکستان واپسی میں سہولت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے، مجھے اپنے تمام دوست ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے جنہوں نے اس سلسلے میں پاکستان کی وزارت خارجہ کے ساتھ سرگرمی سے حصہ لیا اور مدد کی۔
خیال رہے کہ غزہ کے عوام کیلئے امداد لے کر جانے والے ’گلوبل صمود فلوٹیلا‘ کو اسرائیلی فوج نے روک کر اس کی کشتیوں کو قبضے میں لیتے ہوئے سابق سینیٹر مشتاق احمد اور گریٹا تھنبرگ سمیت متعدد ارکان کو گرفتار کرلیا تھا، اسرائیلی بحریہ نے فلوٹیلا کو غزہ سے تقریباً ستر ناٹیکل میل دور گھیرے میں لیا جہاں اسرائیلی کمانڈوز نے اچانک دھاوا بولتے ہوئے 13 کشتیوں کو تحویل میں لے لیا اور ان پر موجود 200 کے قریب سرگرم کارکنوں کو حراست میں لے کر اسرائیلی بندرگاہ منتقل کردیا، اسرائیلی اہلکاروں نے الما اور سائرس نامی کشتیوں پر سوار تمام افراد کو گرفتار کرلیا تھا۔
بعد ازاں اس معاملے پر دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی وزارتِ خارجہ اردن میں اپنے سفارتخانے کے ذریعے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کے محفوظ انخلاء کو یقینی بنانے کے لیے دن رات کام کر رہی ہے، اردن کی حکومت کی قیمتی مدد سے امید ہے کہ یہ عمل آئندہ چند دنوں میں کامیابی کے ساتھ مکمل ہو جائے گا، ہم برادر ملک اردن کی حکومت کے شاندار تعاون اور فراخدلانہ حمایت کے لیے بے حد مشکور ہیں۔
Comments