
اسلام آباد (نیوزڈیسک) نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ہاکی قومی فخر اور پاکستان کی شناخت کی علامت ہے، اس کھیل کی بحالی اور فروغ کے لیے حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ہاکی کے فروغ اور بحالی سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔
دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ ، وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات عطا اللہ تارڑ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے مالیات طارق باجوہ، ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپورٹس بورڈ اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری و نائب صدر سمیت سینئر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں پاکستان کی عالمی ہاکی میں تاریخی عظمت کو بحال کرنے کے لیے نچلی سطح پر کھیل کے فروغ، جدید کوچنگ نظام، بہتر انفراسٹرکچر کی فراہمی اور میرٹ پر مبنی کھلاڑیوں کی ترقی جیسے اقدامات پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ہاکی کے سنہری دور کی بحالی کے لیے جامع منصوبہ بندی ناگزیر ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ہاکی کی ترقی اور نوجوانوں کی شمولیت کو فروغ دینے کے لیے ایک جامع بحالی روڈ میپ جلد از جلد تیار کیا جائے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت ہاکی سمیت تمام قومی کھیلوں کے فروغ کے لیے پرعزم ہے اور اس ضمن میں تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
Comments