
لاہور (نیوزڈیسک) ملک میں موسمِ سرما کے آغاز کے ساتھ ہی صوبہ پنجاب میں سکولوں کے اوقات کار میں تبدیلی کر دی گئی۔ محکمہ تعلیم پنجاب کے مطابق ابروز پیر 27 اکتوبر سے سکول صبح 8 بجکر 45 منٹ پر شروع ہوں گے، تدریسی عمل دوپہر 1 بجکر 30 منٹ تک جاری رہے گا، محکمہ تعلیم نے سرد موسم، سموگ کی صورتحال اور طلبہ کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا، اس سلسلے میں وزیر تعلیم پنجاب نے بھی سوشل میڈیا پر اوقات کار کے حوالے سے پوسٹ شیئر کردی۔
علاوہ ازیں پنجاب کے سرکاری سکولوں میں زیرتعلیم ہزاروں طلباء کے پہلے سمسٹر کے امتحانات مؤخر کر دیئے گئے ہیں، اس سلسلے میں محکمہ تعلیم پنجاب نے اعلامیہ جاری کیا کہ حالیہ سیلاب اور اس دوران تعلیمی اداروں کی بندش کے باعث نصابی سرگرمیوں میں پیدا ہونے والے خلل کی وجہ سے امتحانات مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا، پہلے سمسٹر کے امتحانات 15 اکتوبر سے شروع ہونا تھے تاہم اب یہ امتحانات دسمبر کے پہلے ہفتے میں لیے جائیں گے، نئی پالیسی کے تحت پہلے سمسٹر اور مڈٹرم امتحانات کو ضم کرکے ایک ہی مرحلے میں منعقد کیا جائے گا، اس فیصلے کا مقصد طلباء کو مناسب تیاری کا وقت دینا اور متاثرہ تعلیمی تسلسل کو بحال کرنا ہے۔
Comments