
اسلام آباد (نیوزڈیسک) خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی ) کی معاونت سے کوانٹم ٹیکنالوجی کی ترقی کی جانب اہم اقدام کے طور پر سی پیک فیز ٹو کے تحت ’نیشنل سینٹر فار کوانٹم کمپیوٹنگ‘ کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق ملکی معیشت کے استحکام اور ترقی کے لیے ایس آئی ایف سی اپنا کردار ادا کر رہی ہے، پاکستان اور چین نے کوانٹم کمپیوٹنگ اور جدید ٹیکنالوجیز کے شعبے میں تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیئے ہیں، ایس آئی ایف سی کے تعاون سے سی پیک فیز ٹو کے تحت ’نیشنل سینٹر فار کوانٹم کمپیوٹنگ‘ کا قیام عمل میں لایا جائے گا، معاہدے کے تحت تحقیق وتربیت، ترقی، جدت اور ماہرین کے تبادلے میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔
بتایا گیا ہے کہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ڈیجیٹل انقلاب ایس آئی ایف سی کی اولین ترجیحات کا حصہ ہے، اعلیٰ ٹیکنالوجی اور جدید تحقیق کی بدولت ناصرف ملکی معیشت مضبوط بلکہ صنعتی و سائنسی ترقی بھی ممکن ہوگی، کوانٹم کمپیوٹنگ شعبہ صحت، توانائی اور موسمیاتی تبدیلی کی تحقیق میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گی، جدید کوانٹم ٹیکنالوجی سائبر سکیورٹی، ٹریفک اور لاجسٹکس کے ساتھ ساتھ دفاعی شعبے میں بھی ترقی کی ضامن ہے، جدید چینی کمپنیوں کی شمولیت سے ملکی معیشت مستحکم اور مقامی صنعتیں جدید رجحانات سے مستفید ہوں گی۔
وزیراعظم محمد شہبازشریف نے دوطرفہ اورعلاقائی روابط کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سی پیک کے دوسرے مرحلے میں داخل ہورہا ہے، ٹرانس افغان ریلوے اور اسلام آباد،تہران،استنبول راہداری سمیت ریلوے کنیکٹویٹی پر بھی کام ہورہا ہے، ڈیجیٹل دور میں رابطے ڈیٹا، اختراع اور ٹیکنالوجی تک پھیل چکے ہیں، علاقائی روابط کے فروغ سے معاشی اورتجارتی شعبے میں انقلاب آئے گا،تجارت، معیشت اور توانائی میں تعاون نئے دور کا آغاز ہوگا،زمانہ قدیم سے ہمارا خطہ معاشی اور تجارتی راہداری رہا ہے ،بڑھتی ہوئی معاشی اہمیت نے اس قدیم گزرگاہ کی اہمیت کو دو چند کردیا ہے ۔
Comments