
پشاور (نیوز ڈ یسک) صوبہ خیبرپختونخواہ کے علاقہ میرانشاہ روڈ پر ڈی پی او کے سکواڈ پر حملے کے نتیجے میں 5 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈی پی او شمالی وزیرستان وقار احمد خان میرانشاہ سے بنوں جا رہے تھے کہ اس دوران اسکواڈ بنوں میرانشاہ مین روڈ پر واقع ممش خیل کے علاقے پہنچا تو وہاں تاک میں پہلے سے بیھٹے ہوئے نامعلوم مسلح افراد نے قافلے پر حملہ کردیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملے کے نتیجے میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وقار احمد محفوظ رہے تاہم 5 اہلکار زخمی ہوئے، حملے میں زخمی اہلکاروں کو بنوں ہسپتال منتقل کر دیا گیا، پولیس کی اضافی نفری نے موقع پر پہنچ کر ملزمان کی تلاش کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔
گزشتہ روز خیبرپختونخواہ کے صوبائی دارالحکومت پشاور میں یونیورسٹی روڈ پر سی ٹی ڈی تھانے میں دھماکے کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید اور دو زخمی ہوگئے تھے، پشاور کے محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) کے تھانے میں شارٹ سرکٹ کے باعث دھماکہ ہوا اس حوالے سے ایس ایس پی آپریشنز مسعود بنگش نے بتایا کہ دھماکے میں ایک اہلکار شہید اور دو زخمی ہوئے ہیں، دھماکے سے عمارت کے ایک حصے کو نقصان پہنچا، تھانے میں موجود ملزمان کو سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز منتقل کر دیا گیا۔
کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) پشاور ڈاکٹر سعید نے بتایا کہ تھانے میں موجود بارودی مواد میں شارٹ سرکٹ سے دھماکہ ہوا، حملے کے کوئی شواہد نہیں ملے، تھانے میں تین سی ٹی ڈی اہلکار تھے جن میں سے ایک شہید اور دو زخمی ہوئے ہیں، دھماکے سے عمارت کے ایک حصے کو نقصان پہنچا، دھماکے سے عمارت کا کچھ حصہ منہدم ہوا جس میں اہلکار کی شہادت ہوئی، چار ملزمان کو تھانے سے نکالا جا چکا ہے، تھانہ سی ٹی ڈی اور اطراف کے علاقوں کو سیل کر کے نفری تعینات کی گئی ہے۔
Comments