
اسلام آباد(نیوزڈیسک) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں تیز بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جس سے شہر کا موسم بدل گیا اور سردی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے جڑواں شہروں سمیت ملک کے بعض علاقوں میں چار سے 5 نومبر تک بارشوں کی پیش گوئی کر رکھی ہے۔ ادھر خیبر پختونخوا کے ضلع دیر اور سوات میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش اور ژالہ باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔
دیر میں بارش اور ژالہ باری کے دوران اندھیرا چھا گیا جبکہ ندی نالوں میں طغیانی سے جی ٹی روڈ پر ٹریفک معطل ہوگیا، بارش سے بالائی علاقوں کی سڑکوں پر کٹاؤ کے بعد شہری گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے، بارش اور ژالہ باری سے کھڑی فصلوں اور میوہ جات کے باغات سمیت گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ شدید بارش سے بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا اور ضلع بھر کی بجلی منقطع ہوگئی ہے۔ پی ڈی ایم اے نے خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں آج سے بارشوں کا الرٹ جاری کردیا ہے۔ صوبے کے مختلف علاقوں میں 5 نومبر تک وقفے وقفے سے بارشوں و برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔تمام اضلاع کی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات سے متعلق الرٹ رہنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
Comments