
اسلام آباد (نیوزڈیسک) سپریم کورٹ کے کیفے ٹیریا میں اے سی پلانٹ میں دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 4افراد زخمی ہوگئے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکہ اتنا شدید تھا کہ پوری عمارت لرز اٹھی جبکہ کیفے ٹیریا میں موجود وکلا، عدالت کے عملے اور سٹاف ممبران میں بھگدڑ مچ گئی۔ دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر پمز اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکہ اے سی پلانٹ میں گیس جمع ہونے کے باعث ہوا۔ دھماکے کے بعد ریسکیو 1122، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور پولیس کی بھاری نفری سپریم کورٹ کے احاطے میں پہنچ گئی۔ عمارت کو فوری طور پر خالی کرا لیا گیا جبکہ متاثرہ حصے کو سیل کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ ترجمان پولیس کے مطابق ابتدائی شواہد سے دھماکہ حادثاتی معلوم ہوتا ہے، تاہم تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ سپریم کورٹ کی سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
Comments