
فیصل آباد (نیوزڈیسک) فیصل آباد پولیس نے سانحہ 9 مئی کیس میں سزا یافتہ سنی اتحاد کونسل کے سربراہ اور سابق رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ حامد رضا کو گرفتار کرلیا، انسداد دہشت گردی عدالت نے انہیں جیل بھیج دیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق صاحبزادہ حامد رضا گزشتہ رات پشاور سے فیصل آباد آرہے تھے کہ انہیں اسلام آباد پولیس نے گرفتار کرلیا، اسلام آباد پولیس نے حامد رضا کو گرفتار کر کے فیصل آباد پولیس کے حوالے کیا، تھانہ سول لائن پولیس نے حامد رضا کو گرفتار کر کے اے ٹی سی عدالت پیش کیا۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت نے صاحبزادہ حامد رضا کو جیل بھجوانے کا حکم دے دیا۔واضح رہے کہ رواں سال 31 جولائی کو فیصل آباد میں انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے 3 مقدمات کا فیصلہ سناتے ہوئے عمر ایوب، شبلی فراز اور زرتاج گل وزیر سمیت سمیت پاکستان تحریک انصاف کے 196 رہنماؤں اور کارکنوں کو 10 سال تک قید کی سزائیں سنائی تھیں۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے مجموعی طور پر 9 مئی کے 3 مقدمات کا فیصلہ سنایا تھا اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شبلی فراز، رکن قومی اسمبلی زرتاج گل، صاحبزادہ حامد رضا اور شیخ رشید کے بھیتجے شیخ راشد شفیق سمیت 58 ملزمان کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی تھی۔
بعدازاں الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے 5 اگست کو سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز اور قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی عمر ایوب اور سنی اتحاد کونسل کے سابق سربراہ صاحبزادہ حامد رضا سمیت 9 ارکان اسمبلی اور سینیٹرز کو نااہل قرار دے دیا تھا۔
Comments