[ad_1]
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک لبیک یارسول اللہ ﷺ پاکستان کے امیر علامہ خادم حسین رضوی نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی میں نواز شریف ، آصف علی زرداری اور عمران خان رکاوٹ ہیں ۔ اب لٹیروں کی حکومتیں ختم ہونے والی ہیں ۔ پاکستان میں کسی چیز کی کمی نہیں ۔ اگر ملک کو لوٹنے والوں کو ہٹا دیا جائے تو تمام مسائل حل ہو جائیں گے ۔ اب ووٹ سینما کی ٹکٹیں بلیک میں بیچنے والوں یا بھٹیاں چلانے والوں کو نہیں یا کھیلنے والوں
کو نہیں بلکہ ختم نبوت کی حفاظت کرنے والوں کو دینے ہیں۔کراچی میں لندن میں بیٹھے ہوئے ٹولے کا راج ختم ہوا تو امن قائم ہو گیا ۔ عوام الیکشن کی تیاری شروع کر دیں ۔ آئندہ حکومت تحریک لبیک یارسول اللہ ﷺ کی ہوئی تو ملک میں امن وامان ، کرپشن ، غربت ، مہنگائی ، بے روزگاری کا خاتمہ ہو گا ۔ چوروں لٹیروں کا احتساب ہو گا اور محمد عربی ﷺ کا دین رائج ہو گا ۔ جنرل صاحب ٹرمپ کو بتا دیں کہ پاکستان کی افواج اور عوام ملک کا دفاع کرنا جانتی ہے ۔ امت مسلمہ کو مسائل سے نکلنے کے لیے متحد ہونے کی ضرورت ہے ۔ 70 سال سے ملک کو لوٹنے والوں کا دور اب ختم ہو گیا ہے ۔ اب کرین کا دور آنے والا ہے ۔ کرین اب سب کا گند صاف کرے گی ۔ ہمیں کسی قوت کی حمایت حاصل نہیں ۔ ہماری طاقت صرف عوام ہے ۔ تحریک لبیک آئندہ الیکشن میں پورے ملک سے امیدوار کھڑے کرے گی ۔ آج سے ہمارا کارواں شروع ہو گیا ہے ، جو کامیابی کے حصول تک جاری رہے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو باغ جناح میں تحریک لبیک یارسول اللہ ﷺ پاکستان کے تحت تاجدار ختم نبوت کانفرنس و عوامی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ان کے خطاب سے قبل شرکاء نے کھڑے ہو کر ان کا استقبال کیااور اس موقع پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا اور تحریک کے ترانے بھی بجائے گئے ۔ اپنے خطاب میں تحریک لبیک یارسول اللہ ﷺ پاکستان کے امیر علامہ خادم حسین رضوی نے کہا کہ تحریک لبیک یارسول اللہ
پاکستان کا منشور ملک میں نظام مصطفی کا نفاذ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ زمین و زمان تمہارے لیے ۔ مکین و مکاں تمہارے لیے ۔ پاکستان کس کے لیے بنا ہے ۔ یہ اسلام کے لیے بنا ہے ۔ یہاں نظام مصطفی آنا ہے ۔ فیض آباد ھرنے میں لوگوں کو گولیاں لگیں ، تشدد ہوا لیکن زبان سے کسی نے اف نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں جن کو گولیاں لگیں ، انہیں معلوم ہی نہیں تھا کہ انہیں گولیاں لگی ہیں ،ان کے ساتھیوں نے انہیں بتایا کہ انہیں گولیاں لگ چکی ہیں لیکن وہ اپنے موقف پر ڈٹے رہے ۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے کارکن اور رہنما کی پیٹ پر گولی نہیں لگی بلکہ سینے پر گولیاں لگیں لیکن ختم نبوت کے موقف پر ڈٹے رہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب صرف ایک ہی بات کرنے ہے کہ صرف نظام مصطفی لانا ہے ۔ حضور کے دین کے لیے ہی سب سے بات کرنی ہے ۔ اپنا مال خرچ کرنا ہے اور اپنا وقت صرف کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دیکھو دیکھو کون آیا ، محمدﷺ عربی کا دین آیا ۔ انہوں نے کہا کہ اب لٹیرے پریشان ہیں ، جو پیسے لینے والے ہوتے ہیں ، وہ شیل نہیں کھاتے ، وہ کنٹینر پر بیٹھ کر لاہور واپس نہیں آتے ۔
جو محمد ﷺ عربی کے غلام ہوتے ہیں ، وہ کہتے ہیں کہ ادھر آ ہم جگر آزماتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی نے دنیا والوں کو بتا دیا کہ کراچی والے لبیک یارسول اللہ کے نعرے لگاتے ہیں ۔ جلسے کے شرکاء ایسے نعرے لگائیں کہ کراچی ، خیبرپختونخوا ، کشمیر سمیت ہر جگہ کا گندھ دھل جائے ۔ پاکستان کی ترقی لبیک میں ہے ۔ جب رسول اللہ ﷺ کی بات ہو گی تو لوگ زکوۃ دینے والے ہوں گے لینے والا کوئی نہیں ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ صرف باتیں کرنے سے بات نہیں بنے گی بلکہ دین کو تخت پر آنے دو ۔
جن ممالک کا میڈیا کہتا ہے کہ ہم لبیک یارسول اللہ ﷺ کا نعرہ نہیں دکھا سکتے ، ان کو کیا پتہ کہ لبیک یارسول اللہ کا ذرہ ذرہ کو علم ہے ۔ پاکستان کی ترقی ناموس رسالت پر پہرہ دے کر ہے ۔ ختم نبوت پر حملہ کرکے اور مندروں میں جا کر نہیں ہے ۔ پاکستان کی ترقی جھوٹ بولنے میں نہیں ہے ۔ ہم نے کسی سے طاقت سے نہیں بلکہ اپنے مقصد کے حصول کے لیے اللہ اور اس کے رسول ﷺ سے مدد مانگی ۔ اب ہے جمالو کا دور گزر گیا ۔ انہوں نے کہاکہ جنرل صاحب آپ ٹرمپ کو یہ بات کہہ دیں کہ تجھے تو پتہ نہیں آنا ہے یا نہیں میں نے تو آنا ہے ۔
اوئے چڑے تم نے کیا آنا ہے ، میں اپنی شاہین لے کر آ رہا ہوں ۔ ہماری فوج محمد ﷺعربی کی سپاہی ہے ۔ جو دشمن کے ٹینکوں کے نیچے لیٹ کر ان کو تباہ کرکے ملک کا دفاع کرنا جانتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ان کی کوئی تاریخ نہیں ہے ۔ خالد ٹینک ایسے نہیں بنایا ۔ جب خالد ٹینک چلے گا تو ان کی تباہی دیکھنے والی ہو گی ۔ یہاں پر محمد بن قاسم کی بات ہو گی ۔ اب سندھ سے محمد بن قاسم کے جانشین اٹھیں گے ، اب جو مندروں میں جا کر مورتیوں پر پھول چڑھاتے ہیں ، ان کو پوچھیں گے ۔
اب فیصلہ کر لیں گے کہ راجہ داہر کے لوگ الگ ہوں گے اور محمد بن قاسم کے جانشین الگ ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جس قوم کا ڈاکو سربراہ بن جائے ، اس قوم کا کیا ہو گا ۔ اب ڈاکؤوں اور بھتہ خوروں کا دور چلا گیا ۔ اب آپ الیکشن کی تیاری شروع کر دیں ۔ ختم نبوت کے معاملے پر ہم نے بیان بازی نہیں بلکہ عملی جدوجہد کی ۔ باتوں سے معاملات حل نہیں ہوتے ۔ میدان لگا کر مقاصد حاصل کیے جاتے ہیں ۔ بارش ہوئی ، تیز ہوائیں چلیں لیکن ہم ختم نبوت کے معاملے پر جو تحریک چلائی اس میں کامیاب ہوئے ۔
انہوں نے دین کی بات نہیں کی ہم دین کی بات کرتے ہیں ۔ کراچی اور فیض آباد والے جانتے تھے کہ دھرنے پر کھانے کہاں سے آئے ۔ گولیاں چلیں ، لاٹھی چارج ہوا لیکن ہم بھاگے نہیں ، ڈٹے رہے ۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے کبھی دین کو تخت پر بٹھایا یا دین کو عدالتوں میں لے کر آئے ؟ حکمران لاہور میں بیٹھے ہوں اور 40 کلو میٹر لاہور سے دور قصور میں بچی کے ساتھ زیادتی ہو جائے ، اس کا قتل ہو جائے ۔ یہ حکمران دن کے اجالے کے بجائے رات کے اندھیرے میں آتے ہیں ۔ ایک سال میں 12 بچیوں کے ساتھ زیادتی ہوئی ۔
حکمران کہاں ہیں ۔ قطری شہزادوں کو اپنا ضمیر بیچ کر تم نے عیاشیاں فراہم کیں ۔ تم کیا قوم کی بیٹیوں کی حفاظت کرو گے ۔ اسلام ہر مذہب کے احترام کا درس دیتا ہے ۔ تمہارے کرتوتوں کو خطرہ ہے ہمارے حلوے کو نہیں ۔ لوہے کی بھٹیوں میں آگ جلانے والے حکمرانی کیا کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ دین کی راہ میں رکاوٹ زرداری ہے ۔ کراچی کا ڈاکو لندن میں بیٹھا ہے ۔ اس کا دور ختم ہو گیا اور کراچی میں امن قائم ہو گیا ۔ اب کراچی میں اتنا امن ہے کہ میں تنہا بھی یہاں سے گھر جاؤں تو مجھے کچھ نہیں ہو گا ۔
اب ٹرمپ کو پتہ چل جائے گا کہ پاکستان کا مطلب کیا ہے ۔ میں نے کراچی سے پاکستان کا مطلب لے کر واپس لاہور جانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دستور ریاست نظام مصطفی ہو گا ۔ انہوں نے کہاکہ پورا سندھ لوٹ لیا اور تھر کے بچوں کو دودھ بھی نہیں مل رہا ۔ دین کے لیے محنت کرنی ہے ۔ فیض آباد دھرنے نے سب کو ہلا کر رکھ دیا ۔ یہاں تک کہ ٹرمپ بھی ہل گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نمائندے منتخب ہو کر جب پارلیمنٹ میں جائیں گے تو ٹھوکر مار کر اسمبلیاں کا دروازہ کھولیں گے ۔ یہ وہی اسمبلی ہے ، جہاں ختم نبوت کے قانون میں تبدیلی کی جا رہی تھی ۔
انہوں نے کہا کہ اب اسمبلیوں میں تاجدار ختم نبوت کے نعرے لگیں گے ۔ آج سے آپ فیصلہ کر لیں کہ ووٹ ختم بنوت کی حفاظت کرنے والوں کو دیں گے ۔ تحریک لبیک یارسول اللہ ﷺ کے پیغام کو عام کریں گے اور انتخابات کی تیاری کریں ۔ ووٹ کے ساتھ نوٹ بھی دینے ہیں تاکہ تحریک کو مضبوط کیا جاسکے ۔ انہوں نے اپیل کی کہ کرین کو ووٹ دیا جائے کیونکہ کرین ہی ہر وزن کو اٹھاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب ووٹ سینما کی ٹکٹیں بلیک میں بیچنے والوں یا بھٹیاں چلانے والوں کو نہیں یا کھیلنے والوں کو نہیں بلکہ ختم نبوت کی حفاظت کرنے والوں کو دینے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی میں رکاوٹ نواز شریف ، زرداری اور عمران خان ہیں ۔ جب اسلام آئے گا تو قوم پرستی بھی ختم ہو جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اپنے کان بند کر لیں اور کسی کی بات نہیں سننی ۔ مجھ پر الزام لگا کہ یہ جوتا 21 کروڑ کا پہنتے ہیں ۔ مجھ پر الزام لگانے والوں کو دیکھنا چاہئے تھا کہ میں کیا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ کرین کو ووٹ دلانے کے لیے محنت کرنا پڑے گی ۔ میں جب مروں گا تو کسی کو پتہ بھی نہیں چلے گا ۔ آپ کو معلوم ہو گا کہ پیر صاحب کو چلتے چلتے اٹیک آیا اور وہ انتقال کر گئے۔
انہوں نے کہا کہ آج امت مسلمہ مسائل کا شکار ہے ۔ پاکستان سے دین اسلام کو ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ آج ہم دین کی حفاظت کے لیے کھڑے ہو گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اب انتخابات آنے دو ، دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے ۔ میں ایسے لڑوں گا کہ سب دیکھیں گے ۔ تم بھی اپنا میدان لگاؤ ہم بھی اپنا میدان لگائیں گے ۔ قصور واقعہ کو جس طرح اچھالا گیا ، میں اس کے حق میں نہیں تھا ۔ لیکن پاکستان کوبدنام کرنے کے لیے اس واقعہ کو اچھالا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ میں وہیل چیئر پر بیٹھا رہوں گا لیکن لبیک کی حکومت اپنے باصلاحیت لوگوں نے چلانی ہے ۔
ہمیں اسلام نے بہت عزت دی ہے کہ میں وہیل چیئر پر بیٹھا ہوں اور لوگ میری بات سن رہے ہیں ۔ ہماری تحریک میں جو بھی غلط کام کرے اسے ہٹا دیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ حضور ﷺ کا دین تخت پر لانا ہے ۔ مجھے لوگ کہتے تھے کہ سنی کام نہیں کرتے لیکن میں نے ان سے کہاکہ ایسی بات نہیں ۔ اب دیکھ لیں سنی ایک جگہ پر جمع ہو گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہر فرد 100 ووٹ جمع کرے تو کراچی کی تمام نشستیں تحریک لبیک کی ہوں گی ۔ امید وار کوئی بھی ووٹ کرین کو دینا ہے ۔ ہماری کرین ہی سب کا گندھ اٹھائے گی ۔
سیاست میں گڑ بڑ کرنے والوں کو بھی دور کر دے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں کو عورت خواب میں نظر آ رہی ہے لیکن وہ اقتدار حاصل نہیں کر سکتے ۔ یہاں سب فراڈیئے ہیں اور ان کی حکومت ختم ہونے والی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ قائد اعظم محمد علی جناح ؒ غازی علم الدین کا مقدمہ لڑا ۔ آج قائد اعظم کی روح بھی کہہ رہی ہو گی کہ اس ملک کو ڈاکوؤں سے چھڑانے والے آ گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں سندھ کو سلوٹ کرتا ہوں ، یہاں باب الاسلام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ غوری میزائل کو ٹرمپ کی طرف کرکے کہیں کہ آئے اور مقابلہ کرے ۔
یہ جو کہتے ہیں کہ پاکستان مسائل کا شکار ہے ، وہ جھوٹ بولتے ہیں ۔ پاکستان میں کسی چیز کی کمی نہیں ۔ اگر صرف ملک کو لوٹنے والوں کو ہٹا دیا جائے تو نہ صرف پاکستان بلکہ تمام مسلم ممالک کے مسائل حل ہو جائیں گے ۔ تحریک لبیک یارسول اللہ ﷺ کے سرپرست اعلی پیر افضل قادری نے کہا کہ میں تمام اہلسنت کو اتنے زبردست اجتماع پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ فیض آباد پر جو ختم نبوت دھرنا اس میں پوری دنیا کے مسلمانوں نے اس دھرنے کے ساتھ اپنی وفاداری کے مظاہرے کیے ۔ اس میں کراچی اور سندھ کے لوگ بھی پیش پیش رہے ،
جن کو میں خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔ انہوں نے کہاکہ تحریک لبیک یارسول اللہ کیوں سیاست میں حصہ لے رہی ہے ۔ جبکہ اس سے پہلے سیاسی جماعتیں موجود ہیں ۔ حالات ایسے ہیں کہ دنیا کی تمام طاغوتی طاقتیں اسلام پر حملہ آور ہیں ۔ اسلام کو مٹانے اور لبرل اسٹیٹ بنانے کے لیے اپنا پورا زور لگا رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نظام تعلیم میں ہماری حکمران پارٹیوں نے بیرونی ممالک سے پیسہ لے کر نصاب میں سے اسلام کا بہت سا حصہ نکال دیا ہے ۔ نیشنل ایکشن پلان اور سائبر کرائم بل اور انسداد دہشت گردی ایکٹ میں گستاخانے رسول کو تحفظ دیا گیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین میں مسلم حکمران جہاد سے دستبردار ہو چکے ہیں ۔ بزدل ہو چکے ہیں ۔ پہلے طالبان کے ذریعہ دہشت گردی کرائی گئی اب داعش پیدا ک ردی گئی ہے ، جو کہ سب سے زیادہ درندہ صفت تنظیم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان حالات میں تحریک لبیک یارسول اللہ نے سیاست میں قدم رکھا ہے ۔ کیونکہ ہماری تحریک سمجھتی ہے کہ پاکستان کا آئین قرآن ہو گا ۔ اسلام کا نظام رائج کریں ۔ اگر یہ چیزیں میرے سامنے نہ آتیں تو میں یہاں نہ ہوتا ۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے حکمران اسلامی نظام سے منحرف ہو چکے ہیں ۔
تحریک لبیک آئندہ انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی اور کراچی کے لوگ اس کی قیادت کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا لائحہ عمل ہے کہ اسلام کامل دین ہے ۔ تحریک لبیک حضور ﷺ کی سیاست اور خلفائے راشدین کی سیاست کی روشنی میں وطن عزیز میں ایسی اصلاحات لائے گی جس سے وطن عزیز ترقی کرے گا اور غیر ملکی مداخلت کا قلع قمع ہو جائے گا ۔ اللہ کی زمین پر اسلامی شریعت کا نفاذ کیاجائے گا ۔ سیاستدانوں کا رائج کردہ نظام ختم کر دیں گے ۔ کرپشن کے تمام دروازے بند کر دیئے جائیں گے ۔
سود کی لعنت کو ختم کر دیا جائے گا کیونکہ اسلامی نظام میں سود کی کوئی گنجائش نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مالیات کا نظام کراچی کے مسلمانوں کے ہاتھ میں ہے ۔ آپ اخوت اسلامی کے تحت لوگوں کی مدد کرنے کا نظام بنائیں ۔ مضاربت کا نظام رائج کرو ۔ ہم اقتدار میں آکر اصل معاشی نظام قائم کریں گے ۔ جس میں دولت کی منصفانہ تقسیم ہو گی ۔ لوگوں کی مدد کا نظام بنایا جائے گا ۔ نظام تعلیم میں قرآن کی تعلیم ، ترجمہ اور سیرت کو شامل کیا جائے گا۔ فوج سمیت سب کے لیے دینی تعلیم لازمی ہو گی ۔
جب اسلامی نظام نافذ ہو گا تو ملک میں قصور جیسے واقعات نہیں ہوں گے ۔ وزارت دفاع کی جگہ وزارت جہاد قائم کی جائے گی ۔ سب ہمارا ساتھ دیں ۔ جو سیاست دان اسلام پر حملہ آور ہو رہے ہیں ۔ ان کو تین طلاقیں دے دیں ۔ سب تحریک لبیک یارسول اللہ کے ساتھ کھڑے ہو جائیں ،۔ الیکشن کی تیاری کریں ۔ اقتدار میں آکر نظام مصطفی رائج کیا جائے گا ۔ امیر کراچی سید زمان علی جعفری نے کہا کہ کراچی کے عوام کے مشکور ہیں کہ انہوں نے اس جلسے میں شرکت کی ۔ نشتر پارک سے کئی گنا بڑا باغ جناح میں جلسہ کر رہے ہیں ۔
پہلے نشتر پارک کے دروازے بند کیے گئے ۔ اب ان کو باغ جناح کے دروازے بھی بند کرنے پڑ جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جو ہمیں سیاسی طور پر تقسیم کر رہا تھا ، ہم نے متحد ہو کر انہیں بتا دیا ہے کہ ہم متحد ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اب 70 سال کے بعد پوری قوم دیکھے گی کہ جن علماء نے محراب و ممبر کو سنبھالا ہے ، وہی اقتدار کو سنبھالیں گے ۔ نہ سیاست دین سے جدا ہے اور نہ دین سیاست سے جدا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے تحریک لبیک کی قیادت پر اعتبار کیا ہے ۔ ہم ملک میں نظام مصطفیﷺ رائج کریں گے ۔ بلوچستان کے امیر مفتی صدیق نے کہاکہ اسلام ایسا مذہب ہے ،
جو دین اور دنیا دونوں کی زندگی بہتر بنانے کی تعلیم دیتا ہے ۔ دنیا کو بہتر بنانا ہے تو دوسروں کے دکھوں کو اپنا نا پڑے گا ۔ خیبرپختونخوا کے امیر شفیق امینی نے کہا کہ ہماری قیادت نہ جھکنے والی ہے نہ بکنے والی ہے ۔ اس دور میں یہ قیادت ایک تحفہ ہے ۔ ہماری قیادت مخلص ہے ۔ کراچی کے عوام کو سلام پیش کرتا ہوں ، جنہوں نے آج ثابت کر دیا کہ وہ تحفظ نامور رسالتﷺ مر مٹنے کے لیے تیار ہیں ۔ دیگر مقررین نے کہا کہ تحریک لبیک یارسول اللہ ﷺ ملک میں تیزی سے پھیل رہی ہے ۔
آئندہ الیکشن میں حیران کن نتائج دیں گے ۔برسراقتدار آ کر پورے ملک میں نظام مصطفی رائج کریں گے ۔ پورے ملک میں اپنے تنظیمی نیٹ ورک کو مضبوط کر رہے ہیں ۔چکوال سمیت دیگر حلقوں میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں تحریک لبیک نے حیران کن نتائج دیئے ہیں ۔ تحریک لبیک یارسول اللہ ﷺ نے خواتین کو بھی تنظیم میں فعال کرنے کا اعلان کر دیا ۔اس حوالے سے پہلا پروگرام کراچی میں 18 جنوری جمعرات کو حمزہ غوثیہ لان سوک سینٹر پر خواتین کانفرنس و کنونشن منعقد ہو گا ۔
جس سے تحریک کے سربراہ امیر المجاہدین علامہ خادم حسین رضوی خطاب کریں گے ۔ تحریک لبیک یارسول اللہ ﷺ پاکستان کے جلسہ عام میں مختلف قرار دادیں منظور کی گئیں ۔ جن میں کہا گیا کہ ملک میں نظام مصطفی ﷺ کو رائج کیا جائے ۔ ختم نبوت کے قانون میں تبدیلی کرنے والوں کو منظر عام پر لایا جائے ۔ راجہ ظفر الحق کی رپورٹ کو منظر عام پر لایا جائے اور اس میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق سزا دی جائے ۔ آ ج کا یہ اجتماع ملک میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والے مسلح افواج اور سکیورٹی اداروں کے افسران اور اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے ۔
آج کا یہ اجتماع امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پاکستان کے خلاف دھمکیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور اس بات کا اعلان کرتا ہے کہ اگر امریکا نے پاکستان پر حملہ کیا تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا ۔ آج کا یہ اجتماع پاکستان کے خلاف بھارت کی سازشوں کی بھی مذمت کرتا ہے اور بھارت کو متنبہ کرتا ہے کہ وہ اپنی حرکتوں سے باز آ جائے ۔ آج کا یہ اجتماع مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کرتا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے ۔
آج کا یہ اجتماع مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے امریکی فیصلے کی بھی مذمت کرتا ہے اور یہ اجتماع مطالبہ کرتا ہے کہ روہنگیا کے مسلمانوں کے مسائل حل کیے جائیں ۔ آج کا یہ اجتماع مطالبہ کرتا ہے کہ امت مسئلہ اپنے مسائل حل کرنے کے لیے یکجہتی کا اظہار کرے اور خود کو امریکی تسلط سے آزاد کرے ۔ قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو امریکی قید سے رہائی دلوائی جائے ۔ پارلیمنٹ اور پارلیمانی اداروں کو مضبوط بنایا جائے ۔ اقلیتوں کو آئین کے مطابق ان کے حقوق دیئے جائیں ۔ ملک سے کرپشن کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے جائیں ۔ انصاف کے نظام کو مضبوط بنایا جائے ۔
پولیس کو غیر سیاسی بناتے ہوئے اس کے نظام میں اصلاحات کی جائیں ۔ بلدیاتی نظام کو بااختیار بنایا جائے ۔ تعلیم ، صحت ، پینے کے صاف پانی کی فراہمی روزگار کی فراہمی ، غربت کے خاتمے ، انفرا سٹرکچر کی بحالی اور دیگر بنیادی سہولیات عوام کو فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں ۔ ملک میں اصل شکل میں اسلامی نظام کے تحت جمہوریت کو بحال کیا جائے ۔ کراچی کے مسائل کو فوری حل کیا جائے ۔ کراچی میں محب وطن پاکستانیوں اور بنگلہ بولنے والوں کے شناختی کارڈ کو نادرا فوری جاری کرے ۔ آئندہ عام انتخابات کو شفاف اور منصفانہ بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں ۔
The post پاکستان کی ترقی میں نواز شریف ، آصف زرداری اور عمران خان رکاوٹ ،آئندہ الیکشن میں کیا ہوگا؟علامہ خادم حسین رضوی کاکراچی میں جلسہ،بڑا اعلان کردیا appeared first on JavedCh.Com.
Comments