تاریخ: 04/27/2017 -موضوع: اہم خبریں, لاہور
ٹیکس کی عدم ادائیگی پر محکمہ ایکسائز کے 56افسران کو نوٹسز جاری
(رضوان نقوی) دوسروں کو نصیحت خود میاں فصیحت ،ٹیکس کی عدم ادائیگی پر نادہندگان کو آڑھے ہاتھوں لینے والے محکمہ ایکسائز کے چھپن افسر خود نان فائلر نکلے،ایف بی آر نے ایڈیشنل ڈی جی ایکسائز مسعودالحق،ڈائریکٹرمحمد اقبال ناصر،عدیل باجوہ سمیت چھپن افسروں کو نوٹسز بھیج کرانکم ٹیکس گوشوارے اور اثاثہ جات کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔ذرائع کے مطابق شہر میں ٹیکس نادہندگان کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے والے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے اعلیٰ افسران ایف بی آر میں انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہیں کروارہے۔ایف بی آر نے سال دوہزارچودہ،پندرہ اور سال دوہزار سولہ کے انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والے محکمہ ایکسائز کے چھپن افسروں کو نوٹسز بھیج کر تین سالوں کے انکم ٹیکس گوشوارے اور اثاثہ جات کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔ ایف بی آر نے محکمہ ایکسائز کےایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل معسود الحق ، ڈائریکٹر محمد اقبال ناصر ، ڈائریکٹر عدیل احمد باجوہ کو انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے پر نوٹس جاری کر دئیے ہیں۔ ایف بی آر نے محکمہ ایکسائز کےاسسٹنٹ ڈائریکٹر نوید احمد،اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد عاصم امین ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسلم سکھیرا کو بھی انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے پر نوٹسز جاری کردیئے ہیں۔ای ٹی او ایکسائزصوبیہ ملک ، ای ٹی او جاوید انجم ، ای ٹی او محمد عارف،سپرنٹنڈنٹ محمد منور،ڈی بی اے عمران نذیر،ڈی بی اے فیصل گلزارسمیت چھپن ایکسائز افسروں کو تین سالوں کے انکم ٹیکس گوشوارے اور اثاثہ جات ظاہرنہ کرنےپر نوٹسز بھجوائے گئے ہیں۔ ایف بی آر نے ایکسائز افسروں کو انکم ٹیکس گوشوارے اور اثاثہ جات کی تفصیلات جمع کرانے کیلئے ایک ہفتہ کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔ایف بی آر نے عندیہ دیا ہےکہ مقررہ ڈیڈ لائن تک گوشوارے جمع نہ کرانے پر ایکسائز افسروں کو جرمانے عائد کردیئے جائیں گے۔
Comments