انگلینڈ نے بھارت کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے آس لگا لی ہے اور میزبان ٹیم کی جیت کے بعد دیگر ٹیموں کے لیے سیمی فائنل میں جگہ بنانا مشکل بن گیا ہے۔
کرکٹ ورلڈکپ 2019 کے آخری چند میچز رہ گئے اور ٹیموں کے درمیان اگلے مرحلے میں جگہ بنانے کے لیے زبردست صورتحال بن چکی ہے، میزبان انگلینڈ کی جیت کے بعد سری لنکا ایونٹ سے باہر ہوچکی ہے۔
آسٹریلیا واحد ٹیم ہے جو 8 میچز کھیل کر 14 پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل میں جگہ بناچکی ہے اور مزید 3 ٹیموں کو سیمی فائنل کھیلنے کے لیے آگے آنا ہے لیکن مقابلے میں 5 ٹیمیں ہیں۔
بھارت 11 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے اور اس کے پاس 2 میچز باقی ہیں، نیوزی لینڈ 8 میچز میں گیارہ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور انگلینڈ 8 میچز میں 10 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے اور دونوں ٹیموں کے پاس ایک ایک میچ ہے۔
پاکستان ٹیم 8 میچز میں 9 پوائنٹس حاصل کر کے پانچویں، بنگلادیشی ٹیم 7 میچز میں 7 اور سری لنکن ٹیم 7 میچز میں 6 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے۔
Comments