(نیوز ڈیسک) کورونا وائرس کے علاج کے لیے امریکہ کی فوڈ اور ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے ہنگامی بنیادوں پر ایبولا وائرس کے علاج کے لیے استعمال ہونے والی دوا ’ریمڈیسیور‘ کے استعمال کی منظوری دے دی ہے۔
اس کا مطلب ہے کہ اب امریکہ کے ہسپتالوں میں داخل کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے علاج کے لیے یہ دوا استعمال کی جا سکے گی۔
حالیہ تجربات سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ اس دوا کے استعمال سے شدید متاثرہ مریضوں کی حالت میں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔
تاہم اس کے استعمال سے بڑے پیمانے پر اموات کو کم نہیں کیا جا سکا ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے ڈاکٹر بروس ایلوارڈ نے اپنے چین کے دورے کے بعد کہا تھا کہ ’ریمڈیسیور‘ وہ واحد دوا ہے جو وائرس کے خلاف کچھ مؤثر ثابت ہوئی ہے۔
یہ اینٹی وائرل دوا اصل میں ایبولا کے علاج کے لیے بنائی گئی تھی لیکن چند دوسری بیماریوں کے لیے اس دوا کا استعمال زیادہ مفید رہا ہے۔
یہ دوسرے مہلک کورونا وائرسز کے علاج میں بھی مؤثر ثابت ہوئی ہے جیسے مرس (مڈل ایسٹ ریسپائریٹری سنڈروم) اور سارس (سویئر ایکیوٹ ریسپائریٹری سنڈروم)۔ یہی وجہ ہے کہ یہ امید پیدا ہو گئی ہے کہ یہ کورونا وائرس کے خلاف بھی مدد کر سکتی ہے۔
Comments