Social

عمرہ اور حرم شریف میں نمازوں کی ادائیگی کے لیے پرمٹ ’اعتمرنا‘ اور ’توکلنا‘ ایپ سے حاصل کیاجاسکتا ہے

مکہ مکرمہ(نیوزڈیسک) سعودی عرب میں کل منگل کے روز سے رمضان المبارک کا آغازہو رہا ہے۔ رمضان سیزن میں سعودی عرب میں مقیم لاکھوں افراد عمرہ کی غرض سے مکہ مکرمہ کا رُخ کریں گے۔ تاہم کورونا وبا کی وجہ سے سعودی حکومت نے روزانہ عمرہ اور نماز ادا کرنے والوں کی گنتی محدود کر دی ہے۔ عمرہ کے لیے ڈیجیٹل ایپس سے پرمٹ حاصل کرنا ہوتا ہے۔
تاہم بہت سے جعلساز لوگوں کو پرمٹ دلوانے کے بہانے ان سے رقم بٹور رہے ہیں۔وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ عمرہ پرمٹ کا حصول انتہائی اسان بنایا گیا ہے۔ پرمٹ نکلوانے کا دعوی کرنے والوں سے ہوشیار رہیں۔ پرمٹ کے اجرا کا دعوی کرنیوالے فرضی اداروں کوذاتی اہم معلومات فراہم نہ کریں۔ وزارت حج و عمرہ نے ٹوئٹر پرعمرہ پرمٹ کے حوالے سے لوگوں کو متنبہ کرتے ہوئے ہوشیار رہنے کی ہدایت کی ہے تاکہ وہ کسی قسم کی جعل سازی کا شکار نہ ہوں۔
وزارت حج و عمرہ کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ عمرہ اور حرم شریف میں نمازوں کی ادائیگی کے لیے پرمٹ ’اعتمرنا‘ اور ’توکلنا‘ ایپ سے حاصل کیاجاسکتا ہے جس کے مراحل انتہائی آسان ہیں۔پرمٹ کے حصول کے لیے مذکورہ ایپ کے ذریعے دن اور وقت کا تعین کرنے کے بعد باسانی ’کیوآر‘ کوڈ حاصل کیاجاسکتا جس کیلیے کسی قسم کی بیرونی مداخلت درکار نہیں ہوتی۔
خیال رہے سوشل میڈیا پربعض افراد کی جانب سے رقم لے کرعمرہ پرمٹ دلوانے کا دعوی کیاجارہا ہے۔ پرمٹ دلوانے کے دعویدار فی فرد 20 سے 50 ریال لے کرپرمٹ جاری کرانے کا کہتے ہیں۔وزارت حج کی جانب سے عمرہ پرمٹ کی کوئی فیس نہیں ہوتی البتہ بس سروس حاصل کرنے والوں کو صرف بس کی فیس اداکرنا ہوتی ہے جو انہیں بس اسٹینڈ سے حرم شریف لاتی اور واپس لے جاتی ہے اس کے علاوہ پرمٹ کی کوئی فیس نہیں ہوتی ہے۔
دوسری جانب سعودی وزارت داخلہ نے خبردار کیا ہے کہ عمرے کے لیے اجازت نامے کے بغیر حرم شریف جانے والے پر دس ہزار ریال جرمانہ ہو گا۔ اگر کوئی شخص رمضان المبارک کے دوران اجازت نامہ حاصل کیے بغیر عمرہ کرنے کے لیے جائے گا تو اسے دس ہزار ریال جرمانہ کیا جائے گا جبکہ المسجد الحرام میں اجازت نامے کے بغیر داخل ہونے کی کوشش کرنے پر ایک ہزار ریال جرمانہ کیا جائے گا- جرمانے کرونا وبا کے خاتمے کے اعلان تک برقرار رہیں گے-وزارت داخلہ نے سعودیوں اور غیر ملکیوں سے پر زور اپیل کی ہے کہ جو لوگ عمرہ کرنا چاہتے ہوں یا نماز کے لیے المسجد الحرام جانے کے خواہش مند ہوں وہ جانے سے قبل اجازت نامہ ضرور حاصل کر لیں-وزارت داخلہ نے خبردار کیا کہ سیکیورٹی اہلکار تمام شاہراہوں، چیک پوسٹوں اور حرم شریف جانے والے راستوں پر اجازت نامے چیک کریں گے اور مقررہ نظام کی خلاف ورزی کرنے والوں کو حرم شریف جانے سے روکیں گے-


اس خبر پر اپنی راۓ کا اظہار کریں

RATE HERE


آپ کا نام


آپکا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا

آپکا ای میل ایڈریس


آپنا تبصرا لکھیں
Submit

Comments

اشتہار



مزید پڑھیں
tml> Tamashai News Tv