لاہور (نیوزڈیسک) پاکستان کے سابق کپتان رمیز راجہ کو توقع ہے کہ ہرارے سپورٹس کلب میں زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں نئے کھلاڑیوں کو موقع فراہم کیا جائے گا۔ پاکستان نے پہلے ٹیسٹ میں میزبان ٹیم کو اننگز اور 16 رنز سے شکست دی تھی۔ 58 سالہ رمیزراجہ اب دوسرے ٹیسٹ کے لیے فاسٹ بالر شاہنواز دہانی کی قومی ٹیم میں شمولیت کے حوالے سے امید ہیں۔
اپنے یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ نئے کھلاڑیوں کو موقع فراہم کرنا چاہئے۔ مجھے امید ہے کہ ہمیں دوسرے ٹیسٹ میچ میں بیٹنگ اور بولنگ کے شعبہ میں ایک یا دو دیگر تبدیلیاں دیکھنے کو ملیں گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ یک طرفہ سیریز ہونے جا رہی ہے اور پاکستان کو اگلا میچ بھی تین یا چار دن کے اندر ختم کرنا چاہئے۔
رمیز راجہ نے خیال ظاہر کیا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں کم رینک والی حریف ٹیموں کے خلاف جیت بھی پاکستان کے لئے فائدہ مند ثابت ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو ٹیسٹ کرکٹ میں درمیانے درجے کی ٹیم سمجھا جاتا ہے اور ان کامیابیوں چاہے وہ زمبابوے کے خلاف ہی کیوں نہ ہوں سے انھیں اعتماد ملے گا۔ رمیز راجہ نے عمدہ پرفارمنس پر فاسٹ بالر حسن علی اور مڈل آرڈر بلے باز فواد عالم کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پچ تیز رفتار باؤلرز کے لئے اتنی سازگار نہیں تھی لیکن پھر بھی حسن علی نے عمدہ بولنگ کی اور اپنی فارم کا بھرپور فائدہ اٹھایا، فواد عالم بھی ہر موقع سے فائدہ اٹھا رہے ہیں اور یہ ان کے لیے بہترین ٹیسٹ میچ تھا۔
Comments