ریاض(نیوزڈیسک) سعودی عرب پر گزشتہ چندماہ کے دوران یمن کی حوثی ملیشیا کی جانب سے ڈرون اور میزائل حملوں میں بہت زیادہ تیزی آ گئی ہے۔سعودی عرب کے دو علاقے جانی اور مالی نقصان سے بال بال بچ گئے ہیں۔ سعودی فضائی افواج نے ایئر ڈیفنس سسٹم کی مدد سے یمن سے داغے گئے بیلسٹک میزائلوں اور بارود بردار ڈرونز کو فضا میں ہی مار گرایا ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق آج صبح یمن کی حوثی ملیشیا نے سعودی علاقے نجران کی جانب سے کسی اہم مقام کو نشانہ بنانے کے لیے دو بیلسٹک میزائل داغے گئے تھے۔ تاہم مستعد سعودی اتحادی افواج نے جدید ترین ٹیکنالوجی کی مدد سے ان تباہ کُن میزائلوں کی نشاندہی کر کے ایئر ڈیفنس سسٹم کی بدولت انہیں فضا میں ہی تباہ کر دیا۔ اس طرح سعودی علاقے کسی بڑی تباہی سے بال بال بچ گئے ہیں۔
اس کے علاوہ نجران اور جازان پربارودی ڈرونز سے بھی حملہ کرنے کی کوشش کی گئی تھی، تاہم حوثیوں کا یہ حملہ بھی ان ڈرونز کو ہدف پر پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کر کے ناکا م بنا دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ دو روز قبل سعودی عرب کا جدید ترین اور ترقی یافتہ شہر جدہ ایک بار پھر تباہی سے بال بال بچ گیا تھا۔ یمن کی حوثی ملیشیا کی جانب سے جدہ کے کسی اہم مقام کو ہدف بنانے کی کوشش کی گئی تھی تاہم مستعد سعودی فضائی افواج نے اس حملے کو ناکام بنا دیاتھا۔
سعودی وزارت دفاع کے مطابق یمن کی جانب سے جدہ کی سمت میزائل داغا گیا تھا جسے فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا۔ جس کی وجہ سے یہ ساحلی شہر بڑی تباہی سے بچ گیا ہے۔ اگر خدانخواستہ یہ میزائل اپنے ہدف تک پہنچ سکتا تو بہت سی جانوں کا ضیاع ہو سکتا تھا۔ چند روز قبل سعودی عرب پر حوثی ملیشیا کا ایک اور ڈرون حملہ ناکام بنا یا گیا تھا۔ حوثیوں کی جانب سے یمن سے سعودی سرزمین پر کسی شہری آبادی کو ہدف بنانے کے لیے بارود بردار ڈرون طیارہ بھیجا گیا تھا، جسے فضا میں ہی روک کر تباہ کر دیا گیاتھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سعودی شہر ینبع کے قریب بارودی مواد سے لدی ایک کشتی کو تباہ کر دیا گیا تھا۔بریگیڈیئر تُرکی المالکی نے بتایا کہ منگل کی صبح بحراالاحمر کی ینبع پورٹ پر تعینات کوسٹ گارڈز کو ایک کشتی دکھائی دی جس میں کوئی شخص سوار نہیں تھا، مگر یہ بارودی مواد سے لدی ریمو ٹ کنٹرول کشتی اپنے کسی ہدف کی طرف بڑھ رہی تھی، تاہم کوسٹ گارڈز نے اسے اپنے ہدف پر پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کر دیا ۔ اس معاملے کے حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
Comments