ریاض ( نیوزڈیسک) سعودیہ کے باہر سے آنے والے عمرہ زائرین کیلئے نئی سروس متعارف کروادی گئی ۔ العربیہ نیوز کے مطابق سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے سعودی اتھارٹی فار ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے تعاون سے ایک نئی سروس متعارف کرائی گئی ہے ، جس میں مملکت سے باہر سے آنے والے زائرین کو مسجد حرام اور مسجد نبوی میں عمرہ اور نماز ادا کرنے کے لیے ایپس کے ذریعے اجازت نامہ جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس ضمن میں وزارت حج و عمرہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ سروس ’قدوم‘ پلیٹ فارم پر رجسٹرڈ ہونے اور مملکت میں پہنچنے کے بعد ’اعتمرنا‘ اور ’توکلنا‘ ایپس پر بھی موثرہو گی اور ان دونوں ایپس میں سے کسی ایک پرعمرہ کی اجازت نامہ کی تصدیق کی جا سکے گی ۔
دوسری جانب 64 سالہ مصری شہری عمرہ ادا کرنے موٹر سائیکل پر مکہ مکرمہ پہنچ گیا ، اسماعیل عبد اللطیف نے موٹر سائیکل پر مکہ مکرمہ پہنچنے کے لیے 3000 کلو میٹر سے زائد کا سفر طے کیا ، مصری شہری 6 روز پہلے سعودی عرب کی حدود میں داخل ہوا جہاں مختلف علاقوں سے گزرتے ہوئے مکہ مکرمہ پہنچا ، قاہرہ سے عمرہ ادا کرنے کی غرض سے روانہ ہونے والے مصری شہری نے کہا کہ موٹر سائیکل پر عمرہ ادا کرنے کا خیال انہیں 4 سال پہلے آیا مگر کورونا وباء کی وجہ سے اس کو موخر کرنا پڑا لیکن اب خیریت سے مکہ مکرمہ پہنچ کر عمرہ ادا کرچکا ہوں ، جس کے بعد اب اگلے سفر پر مدینہ منورہ جائوں گا جہاں مسجد نبوی کی زیارت کے بعد دوبارہ قاہرہ روانہ ہوجاؤں گا ۔
اسی طرح ایک کرد برطا نوی شہری حج کے مقدس سفر پر پیدل روانہ ہوگئے ہیں ، وہ برطا نیہ سے مقدس سرزمین تک پہنچنے کے لیے گھریلوساختہ گاڑی کے ساتھ سفر کررہے ہیں اور وہ آئندہ سال حج سے قبل برطا نیہ سے مکہ مکرمہ پہنچنے کا ارادہ رکھتے ہیں ، پچاس سالہ آدم محمد پہلے ہی وولورہیمپٹ سے مکہ تک اپنے 6500 کلومیٹر طویل سفر کاآغاز کرچکے ہیں اور پڑوسی ملک ہالینڈ پہنچ گئے ہیں ، توقع ہے کہ آدم محمد اردن پہنچنے سے پہلے جرمنی، جمہوریہ چیک، بلغاریہ، ترکی، شام سے گزریں گے ، وہ اردن سے زمینی سرحد عبور کرکے سعودی عرب جائیں گے۔
Comments