کینیڈا کی یوجینی بوشارڈ نے شاندار کارکردگی پیش کرتے ہوئے میڈرڈ اوپن ٹینس چیمپئن شپ میں روس کی ماریہ شراپووا کو زیر کرکے باہر کردیا ہے۔ بوشارڈ نے ماریہ کی ڈوپنگ کے بعد ٹینس میں واپسی اور انہیں وائلڈ کارڈ دینے کی سخت مخالفت کی تھی۔ان کے علاوہ سابق عالمی نمبر ایک کیرولین وزنیاکی بھی شکست کھاکر گھر لوٹ گئیں۔ ویمنز سنگلز ایونٹ کے لاسٹ 32راؤنڈ میچ میں یوجینی بوشارڈ نے عمدہ کارکردگی کی بدولت شراپووا کو 6-2، 5-7اور 4-6 سے زیر کر کے ایونٹ سے باہر کر دیا۔اسپینش کھلاڑی کارلاسوریز نوارو نے ڈنمارک کی کیرولین وزنیاکی کو شکست دے کر پری کوارٹرفائنل تک رسائی حاصل کی۔ادھر رومانیہ کی سیمونا ہیلپ نے سخت جدوجہد کے بعد اطالوی حریف رابرٹا ونچی کو مات دی۔ آسٹریلیا کی سمانتھا اسٹوسر نے کسی مشکل کے بغیر اسٹریٹ سیٹس میں ڈوک میرینو کا چیلنج رفع کیا۔مینز سنگلز میں ڈومنیک تھائم، ڈیوڈ گوفن، نکولس الماگرو، نمبر ایک سیڈ برطانیہ کے اینڈی مرے نے اگلے مرحلے تک رسائی حاصل کرلی ہے۔دوسری جانب میڈرڈ اوپن کے دوسرے رائونڈ میں شکست کے باوجود روس کی ماریہ شراپووا کو اگلے ماہ برمنگھم میں ہونے والے ایگون کلاسک ٹینس ٹورنامنٹ کے لیے وائلڈ کارڈ انٹری دی گئی ہے۔البتہ ومبلڈن اوپن میں ان کی شرکت پر بڑا سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ وہ ٹورنامنٹ میں اب وائلڈ کارڈ پر حصہ لے سکیں گی۔ خیال رہے کہ شراپووا ڈوپنگ کی وجہ سے 15ماہ کی معطلی کے بعد گزشتہ ماہ ہی کورٹ پر واپس لوٹی ہیں۔
Comments