
کراچی(نیوز ڈیسک) سندھ حکومت نے صوبے بھر میں توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے کاروبار ی اوقات تبدیل کردئیے۔صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صو بے بھر میں کاروباری سرگرمیوں کی رات 9 بجے کےبعداجازت نہیں ہوگی۔ تمام دکانیں ،بازاراورشاپنگ مالزرات 9 بجے بند کردئیےجائیں گے ،نوٹیفکیشن کے مطابق تمام شادی ہالز رات ساڑھے دس بجے بند کر دئیے جائیں گے جبکہ شادی بیا ہ کی تقریبات کو بھی رات ساڑھے دس بجے ختم کرنالازمی قرار دیاگیاہے۔
ہوٹل،ریسٹورنٹس،کافی شاپس اورکیفے رات 11بجےبند کئے جائیں گے۔ نوٹیفکیشن میں کہاگیاکہ نئے کاروباری اوقات کار کا اطلاق آج ہوگا۔یاد رہےکہ گزشتہ روزوزیر دفاع خواجہ آصف نے پریس کانفرنس کے دوران کہاکہ دنیا میں کہیں بھی مارکیٹیں رات ایک بجے تک کھلی نہیں رہتیں۔
ساری دنیا میں چھ ساڑھے چھ بجے مارکیٹیں بند ہوجاتی ہیں۔مارکیٹیں جلد ی بند ہوجائیں تو بجلی کے ساتھ ساتھ تیل کی بھی بچت کی جاسکتی ہے۔
انہوں نے اپیل کی کہ عوام کفایت شعاری کی طرف جائیں،جب وسائل کم ہوتےہیں تو خاندان بھی اپنے اخراجات کم کردیتےہیں۔واضح رہے کہ بجلی کی بچت کے لیے وزارت پاور ڈویژن نے بڑے اقدامات کا فیصلہ کرتے ہوئے سمری تیار کرلی ہے ۔ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق سمری کی منظوری کابینہ سے لی جائے گی، سمری کے مطابق ملک بھر کے کمرشل فیڈر ز کو شام 7 سے رات 10 بجے تک بند کرنیکا فیصلہ کیا گیا ہے، کمرشل فیڈرز پر دن کے اوقات میں لوڈ شیڈ نگ نہیں ہوگی۔
ذرائع پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ کمرشل فیڈرز کی بندش سے 5 ہزارمیگاواٹ بجلی کی بچت ہوگی، شام 7 سے رات 11 بجے تک ٹیوب ویل کے فیڈرز کی بجلی بھی بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ٹیوب ویل والے فیڈرزبند ہونے سے 3 ہزار میگاواٹ بجلی کی بچت ہوگی۔ ان تجاویز کی اسی ہفتے وزیر اعظم اور کابینہ سے منظوری لی جائے گی، تاجروں کی جانب سے دکانیں جلد بند کرنے سے انکار پر متبادل تجاویز تیار کی گئی ہیں
Comments